علم دین ویب سائٹ اور مکتبہ جبریل کی خدمات کا اجمالی تعارف ماہنامہ النخیل شوال 1440

دورِ جدید میں ہر چیز کی طرح کتاب بھی جدت اختیار کر چکی ہے۔ وہ کتاب جس کا سفر مٹی کی تختیوں سے شروع ہوا، لکڑی کی چھال، درختوں کے پتوں، جانوروں کی ہڈیوں اور چمڑوں کے اوراق سے ہوتی ہوئی کاغذ کے ورق پر پہنچی۔ مدتوں کاغذ پر راج کرنے کے بعد اب یہ کتاب برقی لہروں میں اپنی جگہ بنا چکی ہے، جسے ای کتاب (ای بک) کا نام دیا گیا ہے۔ اب ای کتاب بھی بیس سے زیادہ فارمیٹ میں دستیاب ہے۔ ان میں پی ڈی ایف (پورٹ ایبل ڈاکومنٹ)، الیکٹرانک پبلی کیشن، کنڈل بکس وغیرہ بہت معروف ہیں۔

 ای بک کی آمد کے بعد علوم برقی لہروں میں تبدیل ہونا شروع ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے یورپ میں بڑی بڑی ڈیجیٹل لائبریریاں وجود میں آ گئیں۔ دورِ جدید کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے عرب کے اہلِ علم نے اسلامی علوم کو ای بک میں تبدیل کرنے کی ٹھانی اور مکتبہ شاملہ کے نام سے اسلامی علوم کی ڈیجیٹل لائبریری سامنے آئی۔ مکتبہ شاملہ کا پہلا نسخہ صفر 1426ھ (اپریل 2005ء) میں شائع ہوا۔ مکتبہ شاملہ کی ویب سائٹ پر اس وقت تقریباً سات ہزار کتابیں موجود ہیں، تاہم دیگر افراد کی ذاتی کوششوں کے نتیجے میں اس میں بے پناہ اضافہ ہوا اور کتابوں کی تعداد لاکھ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

مکتبہ شاملہ جو کہ عربی کتب کی ڈیجیٹل لائبریری تھی، اس کے وجود میں آنے کے بعد دیگر زبانوں کی طرح اردو علوم کو بھی ڈیجیٹل لائبریری میں منتقل کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی، جس کا بیڑا جامعہ مدنیہ رائیونڈ کے فاضل مولانا ذیشان صاحب نے اٹھایا۔ مولانا ذیشان صاحب کی دس سالہ انتھک محنت اور کوشش کا نتیجہ تھا کہ 2014ء میں اردو علوم کا ایک معتدبہ حصہ ڈیجیٹل لائبریری کی شکل میں ’’مکتبہ جبریل‘‘ کے نام سے وجود میں آ گیا۔

مکتبہ جبریل کا تعارف

مکتبہ جبریل اسلامی خصوصا اردو کتب کا سب سے بڑا اور نہایت کار آمد سافٹ ویئر ہے۔جس میں تفسیر، حدیث، فقہ، فتاوی، درس نظامی ، ادب عربی، تاریخ اسلامی ودیگر علوم فنون کی متعلقہ کتب مطالعہ ، تلاش ، تحقیق اور تخریج کی بہترین سہولیات کے ساتھ موجود ہیں ۔دسمبر 2018ء تک پانچ ہزار سے زائد کتب مکتبہ جبریل میں شامل ہو چکی تھیں۔ کتب کی اتنی بڑی تعداد سےتلاش وغیرہ کی خصوصیات کی بنا پر مکتبہ جبریل برصغیر کے اکثر مدارس کے دارالافتاء سمیت لاکھوں لوگوں کے زیرِ استعمال ہے۔

مکتبہ جبریل ایک فلاحی ، علمی ، تحقیقی ادارہ ہے جو ہر طرح کی سیاسی وابستگی اور تعصبات سے بالا تر ، شب و روز اپنی خدمات کے ذریعے ملک و ملت کی خدمت میں مصروف ہے اور اس کی خدمات سے علم و تحقیق سے وابستہ لوگ اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔

مشن: مصنفین اور ناشرین کے تعاون سے مستند علمی مواد کو ڈیجیٹائز کرنا یعنی کمپیوٹر ، موبائل اور انٹرنیٹ کے لیے تیار کرنا تاکہ علمی اور تحقیقی کام میں طالب علموں اور محققین کو آسانی ہو سکے۔

فلاحی اور غیر تجارتی ادارہ : مکتبہ جبریل اپنی تمام خدمات صارفین کو بلا معاوضہ پیش کرتا ہے اور اپنی جملہ ضروریات اہلِ خیر کے تعاون سے پورا کرتا ہے۔ آمد اور خرچ کا تمام ریکارڈ شفاف طریقہ سے آن لائن شیٹ کے ذریعے رکھا جاتا ہے۔

دفتر : مکتبہ جبریل کا عارضی دفتر الحامد کمپیوٹر لیب میں واقع ہے ، جو کہ مین رائیونڈ روڈ لاہور ہائیر فیکٹری کے عقب میں واقع ہے ۔ الحامد کمپیوٹر لیب میں بیٹھ کر مکتبہ جبریل کے مستقل ملازمین دفتری اوقات میں علمی مواد اور کتب کی تیاری میں مصروف عمل رہتے ہیں ، ان ملازمین کو باقاعدہ ماہانہ معقول تنخواہ ادا کی جاتی ہے نیز ان کی رہائش اور کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

ذیلی شاخیں : ملک کے تمام بڑے شہروں میں مکتبہ جبریل کے رضا کار موجود ہیں جو ڈیٹا کی فراہمی اور لوڈ کرنے کا بلا معاوضہ کام سر انجام دیتے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک میں بھی فائدہ اٹھانے والے دوسروں کو فائدہ پہنچاتے ہوئے یہی خدمت رضا کارانہ طور پر انجام دیتے ہیں۔

نمائندہ ویب سائٹ : مکتبہ جبریل کی ایک نمائندہ ویب سائٹ بھی موجود ہے جس کا یو آر ایل www.elmedeen.com ہے ، اس ویب سائٹ پر تیار ہونے والی کتب اور مواد کو باقاعدگی کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے جس سے ماہانہ لاکھوں عوام و خواص پوری دنیا سے بلا معاوضہ استفادہ کرتے ہیں۔

 کتابوں کی آن لائن ٹائپنگ کا منفرد نظام : اس نمائندہ ویب سائٹ پر ایک آن لائن ٹائپنگ کا نظام بھی بنا ہوا ہے جہاں مختلف علمی کتابیں ٹائپنگ کے لیے پیش کی جاتی ہیں اور مختلف جگہوں سے رضا کار اپنے اپنے اوقات میں ان کتابوں کی ٹائپنگ میں حصہ لیتے ہیں ، اس نظام کے تحت ہزاروں صفحات ٹائپ کیے جا چکے ہیں ، اس وقت ویب سائٹ پر رجسٹرڈ رضا کاروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے ۔اس کے علاوہ ٹیلی گرام پر بھی مکتبہ جبریل کے لیے رضاکارانہ ٹائپنگ کا نظم بنایا گیا ہے۔  جن کتابوں کی ٹائپنگ مکمل ہو جاتی ہے، ان کی اہل علم کی ایک قابلِ اعتمادٹیم کی نظرِثانی اور تصحیح کے بعد ڈیجیٹل اشاعت عمل میں لائی جاتی ہے۔

مکتبہ جبریل سوفٹ ویئر برائے کمپیوٹر و موبائل : ویب سائٹ کے علاوہ کمپیوٹر کے لیے سوفٹ ویئر اور موبائل کے لیے ایپ بھی بنی ہوئی ہے ، یہ دونوں بھی مکتبہ جبریل کے نام سے ہر خاص و عام کے لیے بلا معاوضہ ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈ کے لیے موجود ہیں ، جس سے ہزاروں کی تعداد میں طالب علم اور محققین استفادہ کرتے ہیں ، ویب سائٹ اور ان سوفٹ ویئرز کے ذریعے لاکھوں صفحات جاری کیے جا چکے ہیں۔

 مصنفین اور ناشرین کا تعاون اور تائید : مکتبہ جبریل کو مصنفین اور ناشرین کتب کا خصوصی تعاون اور تائید حاصل ہے ، یہ لوگ اپنی کتابیں ڈیجیٹل شکل میں مکتبہ جبریل کو دیتے ہیں اور مکتبہ جبریل ان کو مختلف فنی مراحل سے گزار کر مطالعہ اور علمی تحقیق کے قابل بناتا ہے۔

آگاہی اور تربیت کا نظام : علمی مواد کی تیاری کے ساتھ ساتھ مکتبہ جبریل مختلف تعلیمی اداروں ، جامعات میں ٹریننگ ورکشاپ بھی کرواتا ہے ، جس میں مکتبہ جبریل سوفٹ ویئرز کا تعارف اور اس سے کام لینے کے بارے میں تربیت دی جاتی ہے۔

ڈیٹا کے حصول اور انسٹالیشن کے لیے عوام و خواص کا رجوع : مکتبہ جبریل کے آفس میں مختلف شہروں اور جگہوں سے طالب علم اور محققین اپنے کمپیوٹرز اور موبائل لے کر آتے ہیں اور ان میں بلا معاوضہ مکتبہ جبریل انسٹال اور لوڈ کرواتے ہیں۔ اس کے علاوہ علمی ڈیٹا بذریعہ ٹی سی ایس ملک کے مختلف علاقوں میں طلب کرنے پر بھجوایا جاتا ہے۔

خدمت کا دائرہ یوٹیوب چینل ، فیس بک پیج اور ٹویئٹر اکاؤنٹ تک وسیع : مکتبہ جبریل اپنے یو ٹیوب چینل ، فیس بک پیج ، ٹوئیٹر اکاؤنٹ ، ویب سائٹ ، وٹس ایپ اور ٹیلی گرام چینل پر مختلف آرٹیکل اور ٹریننگ ویڈیوز جاری کرتا ہے تاکہ عوام و خواص ان کو دیکھ کر دنیا میں کہیں بھی رہتے ہوئے ان علمی سوفٹ ویئرز کی تربیت حاصل کر سکیں۔مکتبہ جبریل، مکتبہ شاملہ اور دیگرمفید سا فٹ وئیر ز کے لیےملاحظہ ہو ’’مکتبہ جبریل،مکتبہ شاملہ با آسانی سیکھئے‘‘۔

درپیش مسائل: دسمبر 2018ء میں اتحاد و تنظیم ناشران دینی کتب پنجاب پاکستان کی طرف سے انتباہ سامنے آیا کہ جن ویب سائٹس پر ایسی کتب موجود ہیں جن کے حقوق پاکستان کے قانون کے مطابق محفوظ ہیں اور ان کے نشر کی باقاعدہ اجازت حاصل نہیں کی گئی ان کو رضاکارانہ طور پر ہٹا دیا جائے ورنہ تنظیم قانونی کاروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

علم دین ویب سائٹ اور مکتبہ جبریل اپنی دانست میں سمجھ رہے تھے کہ کتابوں کی ڈیجیٹل اشاعت سے کاغذ کی اشاعت کو فائدہ پہنچتا ہے کیونکہ اس سے کتاب کی خوب تشہیر ہوتی ہے ، پوری دنیا میں کتاب کا تعارف ہوتا ہے ، ڈیجیٹل سکرین پر پوری پوری کتاب پڑھنا مشکل کام ہے ، ہر شخص نہیں کر سکتا تو لا محالہ کتاب کا تعارف ہو جانے کے بعد قاری ، کاغذ کی کتاب خریدے گا ، مگر اتحاد تاجران کے مذکورہ انتباہ کے سامنے آنے کے بعد خدشہ پیدا ہوا کہ جو غلط فہمی پیدا ہوئی ہے وہ مزید بڑھ نہ جائے اس لیے علم دین ویب سائٹ اور مکتبہ جبریل نے کتب کے حذف کا فیصلہ کیا ، بالآخر حذف عمل میں لایا گیا ہے اور درسِ نظامی کے متون اور شروحات سمیت دو ہزار سے زائد کتابیں حذف کر دی گئیں، جس کی وجہ سے وہ کتب اب علم دین ویب سائٹ اور مکتبہ جبریل میں دستیاب نہیں ہیں۔

کتب کے حذف سے جو ایک اجتماعی علمی نقصان ہوا، اس کی تلافی کے لیے مصنفین اور ناشرین سے تحریری اجازت نامے حاصل کرنے کوشش کی جا رہی ہے۔ موصول شدہ اجازت ناموں کو علم دین ویب سائٹ پر نصب کر کےاس کی متعلقہ کتابوں کو دوبارہ ویب سائٹ پر بحال کر دیا جاتا ہے۔

مکتبہ جبریل کے مستقبل کے چند اہم منصوبے :

...1:کتابوں کی ڈیجیٹل لائبریری کی طرح صوتیات / آڈیوز کی ڈیجیٹل لائبریری تعمیر کرنا ہے۔

...2: مختلف تعلیمی اداروں اور جامعات میں کمپیوٹر لیب قائم کرنا اور تعلیم و تربیت کا نظم جاری کرنا۔

...3: مکتبہ جبریل و دیگر مفید ڈیجیٹل لائبریریوں کے لیے Kindle طرز کا ایک علم دین ای بک ریڈر تیار کرنا تاکہ یکسوئی کے ساتھ مطالعہ اور تحقیق کا کام انجام دیا جا سکے ۔

علم دین ای بک ریڈر کا تعارف، مقاصد، خصوصیات:مکتبہ جبریل ای بک ریڈر ، کسٹمائزڈ اینڈرائیڈ نظام اور اِی اِنک سکرین پر مشتمل ایک ٹیبلٹ ہے جس کا مقصد دینی علوم سے وابستہ افراد اور علم کے حصول کی خواہش رکھنے والے عوام و خواص کو بے ضرر ڈیجیٹل ذریعہ فراہم کرنا ہے، جس میں کئی مفید ایپس اور ہزاروں عربی ، اردو ، انگریزی مفت کتب مطالعہ کے لیے تلاش کی سہولت کے ساتھ موجود ہوں گی۔

اس میں استعمال ہونے والی اِی اِنک سکرین ایک ایسی بلیک اینڈ وائٹ ڈیجیٹل سکرین ہو گی جو کاغذ کے مشابہ ہے۔ اپنی اس خصوصیت کی وجہ سے کہ عام رائج رنگین سکرینوں کے برخلاف یہ کوئی روشنی خارج نہیں کرتی بلکہ ماحول کی روشنی کو استعمال کرتے ہوئے روشن ہوتی ہے، جس کی وجہ سے رنگین سکرین پر مسلسل اور دیر تک مطالعہ کی وجہ سے نظر اور ذہن کی کمزوری، بے خوابی اور اچھی نیند کے متاثر ہونے کے جو نقصانات ہوتے ہیں، ای بک ریڈر میں اس سے بچا جا سکے گا۔

اس میں مکتبہ شاملہ ، مکتبہ جبریل ، لغت سوفٹ ویئر اور سب سے بڑھ کر ایک ایسا ایپ سٹور ہو گا جس کی مدد سے مشورے میں طے ہونے والی مزید مفید ایپس شامل کی جا سکیں گی اور جن کے پاس یہ ریڈر ہو گا ان کو مل سکیں گی۔

اس ای بک ریڈر میں نہ تو فون ہو گا اور نہ ہی کیمرہ ، نہ ہی اس میں رابطے کی کوئی ایپ مثلا وٹس ایپ وغیرہ ہوں گی کیونکہ یہ چیزیں مطالعہ اور یکسوئی کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں۔

 اس کو بنوانے کے لیے تحقیق کا کام تقریبا مکمل ہونے اور نمونہ سامنے آ جانے کے بعد اب کسی اچھے انویسٹر کی تلاش جاری ہے جو کہ چائنہ کمپنی فیکٹری سے بڑی تعداد میں یہ ای بک ریڈر تیار کروا کر مارکیٹ میں لا سکے اور فروخت کے بعد وارنٹی اور سروس کے معاملات کو بھی اچھی طرح پورا کر سکے۔

 مکتبہ جبریل اور اس کی تمام خدمات بلا معاوضہ اور خالصۃ آخرت کا سرمایہ حاصل کرنے کے لیے ہیں، اسی طرح ای بک ریڈر پروجیکٹ میں بھی مکتبہ جبریل یا اس کے کسی ذمہ دار کا کوئی تجارتی یا مالی فائدہ متعلق نہیں ہو گا بلکہ مکتبہ جبریل اب تک ای بک ریڈر کے نمونے کی تیاری کے لیے تحقیقی کام کروانے کی غرض سے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کر چکا ہے، جس کے کسی دنیاوی بدل کی امید نہیں رکھتا اور آئندہ بھی حسب توفیق ذخیرہ آخرت سمجھ کر خرچ کرتا رہے گا۔

چند مزید خصوصیات: (1)... اس کی سکرین کا سائز چھ انچ ہو گا جو اِی اِنک سکرین پر مشتمل ہے۔ (2)... ریم ایک جی بی (3)... میموری: انٹرنل 8 جی بی نیز میموری کارڈ کے اضافے کی سہولت بھی موجود ہو گی۔ (4) ...بیٹری: دستیاب رنگین موبائلوں سے کم از کم چار گنا بہتر ہو گی۔ اگر سکرین پر حرکت نہ کی جائے تو ای بک ریڈر بیٹری کو استعمال نہیں کرتا ، جس کی وجہ سے ایک ہی صفحہ کو یاد کرنے وغیرہ کی غرض سے برقرار رکھنے کی صورت میں بیٹری ہفتے سے بھی زیادہ چل سکتی ہے۔   (5) ...ای بک ریڈر کاآپریٹنگ سسٹم: اینڈرائیڈ 6.0.1 ہوگا۔

محمد بشارت نواز


کل مواد : 3
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2025

تبصرے

يجب أن تكون عضوا لدينا لتتمكن من التعليق

إنشاء حساب

يستغرق التسجيل بضع ثوان فقط

سجل حسابا جديدا

تسجيل الدخول

تملك حسابا مسجّلا بالفعل؟

سجل دخولك الآن
ویب سائٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اس سائٹ کے مضامین تجارتی مقاصد کے لئے نقل کرنا یا چھاپنا ممنوع ہے، البتہ غیر تجارتی مقاصد کے لیئے ویب سائٹ کا حوالہ دے کر نشر کرنے کی اجازت ہے.
ویب سائٹ میں شامل مواد کے حقوق Creative Commons license CC-BY-NC کے تحت محفوظ ہیں
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2025