دینی اداروں ، تنظیموں اور جماعتوں میں اختلافات اسباب اور حل (۱)

تعمیر مشکل ہوتی ہے اور تخریب آسان ، گھر بنانے اور بسانے میں مدت لگ جاتی ہے ؛ لیکن گرانے اور اُجاڑنے میں وقت نہیں لگتا ، اُن کاشتکاروں کا درد دل پوچھئے ، جو موسم سرما کی ٹھنڈک ، موسم گرما کی شعلہ ریز دھوپ اور برسات کی رم جھم بارش کے درمیان دن رات ایک کرکے کھیت بوتے ہیں ، درخت لگاتے ہیں ، اسے سیراب کرتے ہیں اور اس کی حفاظت و نگرانی کے لئے ہر طرح کی مشقت گوارہ کرتے ہیں ؛ لیکن سیلاب کی موج بلا خیز چند گھنٹوں میں ان سب کو روند ڈالتی ہے اور ساری محنت چند لمحوں میں تخت و تاراج ہوکر رہ جاتی ہے ، اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کو اسی نظام پر بنایا ہے ؛ کہ کسی چیز کے اوج کمال پر پہنچ نے میں دیر لگتی ہے ؛ لیکن اس کے بکھرنے اور ٹوٹنے پھوٹنے میں دیر نہیں لگتی ، انسان کے اپنی پیدائش سے جوانی اور جوانی سے بڑھاپے تک پہنچنے میں کتنا سارا وقت لگ جاتا ہے ؛ لیکن جب موت کا فرشتہ آدھمکتا ہے تو دنیا سے آخرت کا سفر لمحوں میں طے ہوجاتا ہے ۔
قدرت کا یہ نظام جیسے کائنات میں پھیلی ہوئی چیزوں اور انسانوں کے بارے میں ہے ، اسی طرح قوموں ، جماعتوں اور گروہوں کے سلسلہ میں بھی ہے ، کوئی بھی گروہ اپنا اجتماعی ڈھانچہ برسوں میں تیار کر پاتا ہے ، جیسے پرندے تنکے چن چن کر آشیانے بناتے ہیں ، ایسے ہی اس اجتماعیت سے جوڑنے کے لئے ایک ایک فرد پر محنت کی جاتی ہے ، تب جاکر کہیں ایک آشیانہ تیار ہوتا ہے ؛ لیکن پھر بھی وہ طوفانوں کی زد میں رہتا ہے ، اگر اس کے بنانے والوں اور بسنے والوں نے اس کو بچاکر نہ رکھا اور اس کے تنکے نوچنے شروع کردیئے تو بکھرنے میں دیر نہیں لگتی ، اس اجتماعیت کو وجود میں لانے کے لئے شروع میں ایک طویل اور پرمشقت راستہ طے کیا جاتا ہے ، مخالفتوں سے گذرنا پڑتا ہے ، جان و مال اور عزت و آبرو کی قربانی دینی پڑتی ہے ، لوگوں کی خوشا مد کی جاتی ہے ، پھر ایک وقت آتا ہے کہ اس سے تعلق وجہ اعزاز بن جاتا ہے اور اس کا اکرام ہوتا ہے ، یا تو کانٹوں کے بستر تھے ، یا اب پھولوں کی سیج بچھائی جاتی ہے ، اس وقت وہ لوگ گذرچکے ہوتے ہیں ، جنھوںنے اس کو سینچا تھا ، اب یہ سرمایہ جن لوگوں کے ہاتھوں میں آتا ہے ، اگر انھوںنے اپنے سلف کے راستہ کو بھلا دیا ، قربانی کے بجائے آسانی کا اور اتحاد و یکجہتی کے بجائے اپنی رائے پر اصرار اوراپنے رفقاء سے بے نیازی کا طریقہ اختیار کرلیا تو اللہ کی مدد اُٹھ جاتی ہے ؛ کیوںکہ اللہ تعالیٰ کی مدد اجتماعیت کے ساتھ ہے ، رسول اللہ ا نے ارشاد فرمایا : ’’ ید اﷲ علی الجماعۃ‘‘ ( سنن نسائی ، حدیث نمبر : ۴۰۲۰) آپ انے اس حقیقت کو ایک مثال دے کر واضح فرمایا کہ بکریوں کا ریور اگر ایک ساتھ چلتا رہے تو کمزور و نازک اندام جانور ہونے کے باوجود اس کی حفاظت ہوتی ہے ، اور اگر کوئی بکری ریوڑ سے بچھڑ جائے تو بھیڑیا اس کو اپنا شکار بنالیتا ہے ۔ (سنن ابی داؤد ، حدیث نمبر : ۵۴۷)
بھیڑیا ایک تشبیہ ہے ، یعنی ایک باہری طاقت ، جو اسلام کا دشمن ہو ، وہ افراد ملت کو اپنا شکار بنالیتا ہے ، افراد کو شکار کرنے کی ایک صورت یہ ہے کہ اس کو آلۂ کار بنالیا جائے ، اُمت محمدیہ کی تاریخ پر نظر ڈالئے تو اُمت کے کھلے ہوئے دشمنوں سے اس درجہ نقصان نہیں پہنچا ، جتنا نقصان ان دشمنوں سے پہنچا ، جو حقیقت میں بھیڑیئے تھے ؛ لیکن انھوںنے بکریوں کی کھال پہن رکھی تھی ، یہ ایک سازش پر مبنی عمل ہوتا ہے ، کچھ لوگ تو واقعی اپنے مفادات کے لئے سوچ سمجھ کر دشمن کے آلۂ کار بنتے ہیں اور بڑی تعداد ان لوگوں کی ہوتی ہے ، جو سادہ لوحی اور بے شعوری میں اس سازش کے آلۂ کار بن جاتے ہیں ؛ حالاںکہ وہ مخلص ہوتے ہیں ، ان کو غلط راستہ پر ڈالنے کے لئے ان کے مذہبی جذبات کا استحصال کیا جاتا ہے ، انھیں باور کرایا جاتا ہے کہ تم جو کچھ کررہے ہو ، وہ حق کو نافذ کرنے اور باطل کو ختم کرنے کی کوشش ہے ؛ لیکن حقیقت میں ان کا یہ عمل باطل کو تقویت پہنچاتا ہے اور حق و سچائی کو کمزور کر دیتا ہے ، اس کی ایک واضح مثال ’داعش ‘ ہے ، جن کا خون بہایا جارہا ہے ، وہ بھی مسلمان ہیں اور جو لوگ خون بہارہے ہیں یا بہانے میں شامل ہیں ، وہ بھی اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہیں اور بمقابلہ دوسرے مسلمانوں کے بہ ظاہر اسلام پر زیادہ کاربند نظر آتے ہیں ؛ لیکن یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ وہ ان دشمنانِ اسلام کے آلہ کار ہیں ، جو چاہتے ہیں کہ مسلمان برادرکشی میں مبتلا ہوجائیں ؛ تاکہ اختلاف وانتشار ان کو کمزور سے کمزور تر کردے اور اسلام کی شبیہ کو خراب کرنا آسان ہوجائے ۔
غور کیا جائے تو یہ سلسلہ محمد رسول اللہ اکی حیات ِطیبہ سے ہی شروع ہوچکا تھا ، مدینہ منورہ میں ایک عمارت مسجد کے نام سے بنائی گئی ؛ تاکہ وہاں بیٹھ کر مسلمانوں کے خلاف سازشیں کی جائیں ، اگر قرآن مجید نے اس سازش سے پردہ نہ اُٹھادیا ہوتا تو یقینا سیدھے سادھے مسلمان اس کو دین کی ایک خدمت ہی تصور کرتے اور وہاں ان کی آمد و رفت شروع ہوجاتی ؛ لیکن قرآن نے اس کو ’ مسجد ضرار ‘ قرار دے کر منہدم کرنے کا حکم دیا ، ( تفسیر ابن کثیر : ۴؍۲۱۲) اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ پر منافقین نے بے بنیاد تہمت لگائی اور انھوںنے اس جھوٹ کو ٹھیک اسی طرح پھیلایا جیسے آج کل میڈیا جھوٹ کو سچ بنانے کی فکر کرتا ہے ، آخر کچھ سادہ لوح سیدھے سادے مسلمان بھی اس سازش کا شکار ہوگئے ، یہاں تک کہ جب بعض مخلص مسلمانوں نے اس فتنہ کے سرچشمہ عبد اللہ بن اُبی کو قتل کردینے کا ارادہ کیا تو اندیشہ پیدا ہوگیا کہ کہیں اوس و خزرج کی لڑائی نہ بھڑک اُٹھے ، ( صحیح بخاری ، حدیث نمبر : ۲۶۶۱) اگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضرت عائشہؓ کی برأت کا صاف صاف اعلان نہ ہوجاتا تو یہ اسلام کی دعوتی کوششوں کے لئے ایک زبردست دھکا ثابت ہوتا ۔
پھر عہد صحابہ میں دیکھئے ! سیدنا حضرت عثمان غنیؓ نے اسلام کے لئے جو قربانیاں دیں ، خود رسول اللہ انے اس کی مدح فرمائی ہے، آپ ا کی دو دو صاحبزادیاں ان کے نکاح میں رہیں ، حضرت عثمانؓ کے قبیلہ کی غالب اکثریت فتح مکہ تک اسلام کی مخالفت میں پیش پیش رہی اور غزوۂ اُحد اورغزوۂ خندق کی قیادت کی ؛ لیکن حضرت عثمانؓ نے اپنے قبیلہ کے فکری رجحان اور عملی رویہ کے برخلاف بالکل ابتداء میں اسلام قبول کرلیا اوراسلام کے راستہ میں مشقتیں اُٹھائیں ، اپنے عہد خلافت میں جمع قرآن مجید کی خدمت انجام دی ، ان سب کے باوجود ایک یہودی ’ عبد اللہ ابن سبا ‘ نے اسلام کا لبادہ اوڑھ کر ایسی سازش رچی ، جو خلیفہ مظلوم کی شہادت کا باعث بن گئی ، اور بہت سے سیدھے سادے مسلمان اور اکابر صحابہ کی اولاد بھی اس سازش کا شکار ہوگئے ، اور انھوںنے سب کچھ یہ سمجھ کر کیا کہ نعوذ باللہ یہ ظالم حکمراں کے خلاف جدوجہد ہے ، حضرت عثمان غنیؓ نے اس وقت ایک تاریخی بات ارشاد فرمائی :
فو اﷲ لئن قتلتمونی لا تتحابون بعدی أبدا ، ولا تصلون بعدی جمیعا أبدا ، ولا تقاتلون بعدی عدوا جمیعا أبدا ۔ (الطبقات الکبریٰ : ۳؍۷۱)
خدا کی قسم ! اگر تم نے مجھے قتل کیا تو میرے بعد کبھی تم میں محبت باقی نہیں رہے گی ، میرے بعد ایک ساتھ نماز نہیں پڑھوگے ، میرے بعد ایک ساتھ دشمن سے جنگ نہیں کروگے ۔
آہ ، اور سوبار آہ ، کہ آج حضرت عثمان غنیؓ کی اس بددُعا کو سر کی آنکھوں سے دیکھا جاسکتا ہے ، مسلمانوں کے دل ایک دوسرے سے پھٹے ہوئے ہیں ، یہاں تک کہ جو لوگ اسٹیج پر اتحاد و اتفاق کی باتیں کرتے ہیں ، وہی اسٹیج سے نیچے اُترنے کے بعد اپنے متبعین کو نفرت پر اُکساتے ہیں ، ہماری نمازیں ایک مسجد میں نہیں ہوتیں ، ہر فرقہ کی الگ الگ مسجدیں ہیں ، جن میں ان کے سوا دوسرے لوگ نماز نہیں پڑسکتے ، دشمن سامنے کھڑا ہے ، لیکن ہمارا اختلاف ہے کہ کم ہی نہیں ہوتا ؛ چہ جائیکہ ہم مل جل کر ان کا مقابلہ کریں — یہ ایک ایسی سازش تھی ، جس نے مستقبل کی تاریخ پر نہایت افسوس ناک اثر ڈالا ، مسلمان دو حصوں میں تقسیم ہوگئے اور نہ صرف یہ واقعہ بالآخر خلافت راشدہ کے ختم ہونے کا سبب بنا ؛ بلکہ مستقبل میں مذہبی قیادت اور سیاسی قیادت بھی الگ الگ ہوگئی اور صدیوں ایک ایسا بادشاہی نظام پروان چڑھتا رہا ، جو زیادہ تر دینی اقدار سے خالی ہی رہتا تھا ، پھر عہد صحابہ میں ہی ایک وقت ایسا آیا کہ توقع قائم ہوگئی تھی کہ خلیفہ راشد حضرت علیؓ اور شام کے فرمانروا حضرت معاویہؓ کے درمیان صلح ہوجائے گی ؛ لیکن کچھ عجمی نزاد لوگوں کی سازشوں سے یہ صلح بکھر کر رہ گئی اور ایک ایسا گروہ پیدا ہوگیا ، جو ایک مستقل اعتقادی مکتب ِفکر بن گیا اور ہمیشہ کے لئے اُمت دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ، دشمنانِ اسلام نے ہمیشہ اس تقسیم سے فائدہ اُٹھایا ، اور آج بھی اُٹھارہے ہیں ۔
پھر تاریخ کے ہر موڑ پر مسلمانوں کے زوال اور ہزیمت کا بنیادی سبب یہی بنا کہ مسلمانوں کا ایک گروہ دشمنوں کا آلہ کار بن گیا ، تاتاریوں کے ہاتھ بغداد کی اینٹ سے اینٹ بج گئی اور خلافت عباسی کا محل زمین بوس ہوگیا ، پھر عثمانی ترکوں نے پانچ سو سال سے زیادہ اسلامی مقدسات اور عالم اسلام کی سرحدوں کی حفاظت کی ؛ لیکن بعض عرب اور ترک ضمیر فروشوں نے وطنی تعصب کے جھنڈے بلند کئے اور سادہ لوح عرب اورترک مسلمانوں کا جم غفیر ان کے ساتھ ہوگیا ، آخر خلافت عثمانیہ کا چراغ بجھ گیا اور مسلمانوں کی وحدت کی ایک علامت — جو اعداء اسلام کی آنکھوں میں چبھتی تھی — ختم ہوگئی ، خود ہمارے ملک ہندوستان کی تاریخ بھی یہی رہی ہے کہ قریب قریب ساری مسلم حکومتیں مسلمانوں میں پائے جانے واے ایک منافق گروہ اور عام مسلمانوں کے ان کے جھنڈے نیچے جمع ہوجانے کی وجہ سے ختم ہوئیں اور یہ سب کچھ ان لوگوں کے اشارہ پر ہوا ، جو اسلام اور مسلمانوں کے دشمن تھے ، اس لئے یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ اس اُمت کو نقصان پہنچانے کی سازش ہمیشہ دشمنانِ اسلام کی طرف سے ہوتی رہی ہے ، انھوںنے ہمیشہ اس کے لئے مسلمانوں ہی کی صفوں میں گھسے ہوئے لوگوں کا استعمال کیا ہے اور اس صفائی سے کیا ہے کہ کچھ لوگوںنے ایک کارِثواب اور دینی خدمت سمجھ کر وہ حرکتیں کیں ، جو مسلمانوں کو نقصان پہنچانے والی اور اسلام کو کمزور کرنے والی تھیں ۔
جو لوگ دینی کاموں کو انجام دیتے ہیں اور اچھے جذبہ سے انجام دیتے ہیں ، انھیں مطمئن نہ ہوجانا چاہئے کہ انھیں ان کی دین داری کی وجہ سے کوئی دھوکہ نہیں دے سکتا ؛ کیوںکہ ڈاکو اسی گھر میں ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے ، جس میں دولت ہو ، اسی طرح دشمنانِ اسلام کی طرف سے ہمیشہ اسی گروہ کو شکار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ، جو اسلام سے گہری وابستگی رکھتا ہو ، دوسرے لوگوں کے بارے میں شیطان سوچتا ہے کہ یہ تو پہلے ہی سے ہمارا کام کررہا ہے ؛ اس لئے ان کے کام میں خلل ڈالنے کی ضرورت نہیں ، دینی اداروں ، درسگاہوں اور جماعتوں کو ہمیشہ اس پہلو سے اپنا جائزہ لیتے رہنا اور چوکنا رہنا چاہئے ، برصغیر میں اگر پچھلے تین دہوں کی تاریخ دیکھی جائے تو بعض بڑی بڑی درسگاہوں کے ٹکڑے ہوگئے ، بعض بہت ہی فعال تنظیمیں تقسیم درتقسیم کا شکار ہوگئیں ، اس کے نتیجہ میں ان کا وقار و اعتبار متاثر ہوا ، مسلمانوں کی معتبر ترین شخصیتیں جن کو مسلمانوں کی وحدت کی علامت سمجھا جاتا تھا ، بے وزن ہوگئیں ، اس بکھراؤ نے کام کو متاثر کیا ، مسلمانوں کی آپسی محبت نفرت میں تبدیل ہوگئی ، مسلم مخالف طاقتوں پر جو بھرم قائم تھا ، وہ ختم ہوگیا اور انھیں اس اختلاف سے فائدہ اُٹھانے کا موقع ملا ، اس لئے ہمیں ضرور اپنے زوال و نقصان کی اس تاریخ سے سبق لینا چاہئے ، جو مریض اپنی بیماری کو جاننے اور اس کا علاج کرنے کے لئے تیار نہ ہو ، وہ کبھی صحت یاب نہیں ہوسکتا ، اس بیمار سے بڑھ کر کوئی کم نصیب نہیں ، جو خود اپنی بیماری کا احساس نہ کرسکے ۔
اداروں ، تنظیموں اور اجتماعی کاموں میں اختلافات کیوں پیدا ہوتے ہیں ؟ — ان پر گہرائی کے ساتھ غور کرنے اور آپ اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے ، سیاست سے وابستہ تنظیموں میں زیادہ تر سیاسی مفادات اختلافات کی بنیاد بنتے ہیں ، جو ادارے تجارتی نوعیت کے ہیں ، ان میں معاشی مفادات کی وجہ سے اختلاف ہوتا ہے ؛ لیکن مذہبی اداروں ، تنظیموں اور جماعتوں میں بنیادی طورپر دو باتیں اختلاف کا سبب بنتی ہیں ، ایک : عہدہ و جاہ کی طلب ، دوسرے : اپنی رائے پر اصرار ، کتنی ہی دینی درسگاہیں ہیں ، جہاں صدر ، سکریٹری یہاں تک کہ شیخ الحدیث کے لئے بھی جھگڑے ہوتے ہیں اور بڑے بڑے اصحاب علم و فضل کھلے طورپر مطالبہ کرتے ہیں کہ مجھے بخاری شریف پڑھانے کا موقع دیا جائے ؛ حالاںکہ ایسا نہیں ہے کہ بخاری شریف پڑھانے ہی سے نجات متعلق ہو ، اگر کوئی شخص نورانی قاعدہ اور قاعدۂ بغدادی اخلاص کے ساتھ پڑھائے تو عجب نہیں کہ قیامت کے دن جنت میں جانے والے خوش نصیب قافلہ میں وہ آگے آگے ہو اور بخاری پڑھانے والے اضطراب و بے چینی کے ساتھ اپنی باری کے منتظر ہوں ۔
یہی بات دینی تنظیموں کی قیادت کے بارے میں کہی جاسکتی ہے ، ایسا نہیں ہے کہ کسی تنظیم یا جماعت کے سربراہ بننے یا اس کی منتظمہ کے رکن بننے میں خصوصی اجر و ثواب ہو ، اجر و ثواب کے زیادہ مستحق تو وہ گمنام لوگ ہیں ، جو گرد کارواں کی طرح پیچھے پیچھے رہتے ہیں ؛ لیکن اللہ کی رضا کے جذبہ سے اپنے کام میں لگے ہوئے ہیں ، نہ شہرت و نام وری کے طلب گار ہیں اور نہ کسی صلہ کے خواستگار ، دینی کاموں سے وابستہ لوگوں میں اس جذبہ کو پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، انھیں سمجھنا چاہئے کہ عمارت کی اساس ان گنبدوں اور میناروں پر نہیں ہوتی ، جو دُور سے نظر آتے ہیں ؛ بلکہ ان بنیادوں پر ہوتی ہے ، جو زمین میں دفن ہوتی ہیں اور جن کو کوئی دیکھ نہیں پاتا ، دینی کام کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو بنیاد کا پتھر بنانے کی کوشش کریں ۔
اس جذبہ پر قابو پانے کے لئے رسول اللہ ا نے عہدہ کی طلب سے منع فرمایا ، یہاں تک کہ ارشاد ہوا کہ جو شخص کسی عہدہ کا طالب ہو ، اسے وہ عہدہ نہ دیا جائے ، خلفاء راشدین کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں کہ ان میں سے کسی نے بھی عہدہ طلب نہیں کیا ؛ بلکہ مسلمانوں نے ان کو اپنا سربراہ منتخب کیا ؛ اسی لئے اللہ کی نصرت ان کے ہم رکاب رہی ، بعد کو پوری اُمت میں فتنہ کا دور شروع ہوا ، خاندانی بادشاہتیں قائم ہوئیں ، لوگ عہدے طلب کرنے لگے ، یہاں تک کہ اس کے لئے قتل و قتال تک کی نوبت آنے لگی ، تو پھر مسلمانوں سے اللہ تعالیٰ کی مدد روٹھ گئی اور آہستہ آہستہ وہ عزت و سربلندی کی چوٹی سے ذلت و نکبت کی پستی میں جاگرے ۔
اسلام کا تصور یہ ہے کہ عہدہ و منصب اعزاز کی چیز نہیں ہے ؛ بلکہ یہ ذمہ داری ہے ، آپ ا نے فرمایا کہ تم میں سے ہر شخص اپنے اپنے دائرہ میں ذمہ دار ہے ، اور اپنی ذمہ داری میں آنے والے لوگوں کے بارے میں جواب دہ بھی ہے : ’’ کلکم راع وکلکم مسئول عن رعیتہ‘‘ (صحیح بخاری ، حدیث نمبر : ۸۵۳) یہ احساس ذمہ داری جتنا بڑھے گا ، عہدوں کی طلب کم ہوگی ، اور اگر اسے اعزاز سمجھا جائے گا تو عہدوں کی پیاس بڑھے گی اور چوںکہ عہدے محدود ہیں ؛ اس لئے ٹکڑاؤ پیدا ہوگا ، اور اگر نظر کام پر رہے گی تو چوںکہ کام کا میدان وسیع ہے ؛ اس لئے اس میں شامل ہونے والوں کی کثرت تقویت کا باعث ہوگی نہ کہ ٹکڑاؤ کا ۔
دوسرا سبب یہ ہے کہ عام طورپر لوگوں نے سمجھ رکھا ہے کہ قربانی کے دو ہی محل ہیں ، ایک : جان ، دوسرے : مال ؛ لیکن حقیقت یہ ہے کہ قربانی کی ایک اور قسم ہے ، اور وہ ہے رائے کی قربانی ، اکثر ملی اختلافات کو حل کرنے میں اس قربانی کا بہت اہم رول ہوتا ہے ، بعض لوگ اپنے نقطۂ نظر پر اس درجہ اصرار کرنے لگتے ہیں کہ دوسرے نقطۂ نظر کو سننا ہی نہیں چاہتے ، وہ چاہتے ہیں کہ فیصلہ ہماری ہی رائے پر ہونا چاہئے ، یہ انداز فکر دین کے مزاج کے خلاف ہے ، رسول اللہ انے بعض مواقع پر اپنی رائے کے مقابلہ اپنے رفقاء کے مشورہ کو ترجیح دی ہے ، اس سلسلہ میں غزوۂ اُحد کا واقعہ مشہور ہے ، آپ اکی رائے تھی کہ مدینہ میں رہ کر دشمنوں کا مقابلہ کیا جائے ، کچھ نوجوان صحابہ — جو جذبۂ جہاد سے سرشار تھے — نے اس کو بزدلی خیال کرتے ہوئے رائے دی کہ باہر نکل کر دشمنوں کے حملہ کا جواب دیا جائے ، انھوںنے کسی حد تک اس پر اصرار بھی کیا ؛ چنانچہ آپ انے ان کی رائے قبول کرلی ، بعد کے حالات نے ثابت کیا کہ رسول اللہ ا اور اکابر صحابہ کی رائے ہی درست تھی ؛ لیکن آپ ا کبھی اس بات کو اپنی زبان پر نہیں لائے اور نہیں فرمایا کہ فلاں حضرات کی رائے پر عمل کرنے کی وجہ سے مسلمانوں کو اس قدر جانی نقصان اُٹھانا پڑا ، خلفاء راشدین اوربالخصوص حضرت عمرؓ نے کئی مواقع پر اپنے رفقاء کی رائے سن کر ان فیصلوں کو بدل دیا ، جو وہ کرچکے تھے ؛ اس لئے کبھی بھی اپنی رائے پر ایسا اصرار کہ گویا اسی میں خیر و بہتری ہے ، نہ گھریلو معاملات میں درست ہے اور نہ اجتماعی معاملات میں ، اکثر و بیشتر اپنی رائے پر اصرار ہی کی وجہ سے اجتماعی کاموں میں ٹوٹ پھوٹ پیدا ہوتی ہے اور یہی انتشار کا سبب بنتا ہے ۔ (جاری)

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی


مولانا کا شمار ہندوستان کے جید علما ء میں ہوتا ہے ۔ مولانا کی پیدائش جمادی الاولیٰ 1376ھ (نومبر 1956ء ) کو ضلع در بھنگہ کے جالہ میں ہوئی ۔آپ کے والد صاحب مولانا زین الدین صاحب کئی کتابوً کے مصنف ہیں ۔ مولانا رحمانی صاحب حضرت مولانا قاضی مجا ہد الاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کے بھتیجے ہیں۔آپ نے جامعہ رحمانیہ مو نگیر ، بہار اور دارالعلوم دیو بند سے فرا غت حاصل کی ۔آپ المعھد الاسلامی ، حید رآباد ، مدرسۃ الصالحات نسواں جالہ ، ضلع در بھنگہ بہار اور دار العلوم سبیل الفلاح، جالہ ، بہار کے بانی وناظم ہیں ۔جامعہ نسواں حیدرآباد عروہ ایجو کیشنل ٹرسٹ ،حیدرآباد ، سینٹر فارپیس اینڈ ٹرومسیج حیدرآباد پیس فاؤنڈیشن حیدرآباد کے علاوہ آندھرا پر دیش ، بہار ، جھار کھنڈ ، یوپی اور کر ناٹک کے تقریبا دو درجن دینی مدارس اور عصری تعلیمی اداروں کے سر پرست ہیں ۔ المعھد العالی الھند تدریب فی القضاء والافتاء ، پھلواری شریف، پٹنہ کے ٹرسٹی ہیں ۔اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا اور مجلس تحفظ ختم نبوت ،آندھرا پر دیش کے جنرل سکریٹری ہیں ۔

آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے رکن تا سیسی اور رکن عاملہ ہیں ۔ مجلس علمیہ ،آندھرا پر دیش کے رکن عاملہ ہیں ۔امارت شرعیہ بہار ،اڑیسہ وجھار کھنڈ کی مجلس شوریٰ کے رکن ہیں ،امارت ملت اسلامیہ ،آندھرا پر دیش کے قاضی شریعت اور دائرۃ المعارف الاسلامی ، حیدرآباد کے مجلس علمی کے رکن ہیں ۔ آپ النور تکافل انسورنش کمپنی ، جنوبی افریقہ کے شرعی اایڈوائزر بورڈ کے رکن بھی ہیں ۔
اس کے علاوہ آپ کی ادارت میں سہ ماہی ، بحث ونظر، دہلی نکل رہا ہے جو بر صغیر میں علمی وفقہی میدان میں ایک منفرد مجلہ ہے ۔روز نامہ منصف میں آپ کے کالم ‘‘ شمع فروزاں‘‘ اور ‘‘ شرعی مسائل ‘‘ مسقتل طور پر قارئین کی رہنمائی کر رہے ہیں ۔
الحمد للہ آپ کئی کتابوں کے مصنف ہیں ۔آپ کی تصنیفات میں ،قرآن ایک الہامی کتاب ، 24 آیتیں ، فقہ القرآن ، تر جمہ قرآن مع مختصر تو ضیحات، آسان اصول حدیث، علم اصول حدیث ، قاموس الفقہ ، جدید فقہی مسائل ، عبادات اور جدیدمسائل، اسلام اور جدید معاشرتی مسائل اسلام اور جدید معاشی مسائل اسلام اور جدید میڈیل مسائل ،آسان اصول فقہ ، کتاب الفتاویٰ ( چھ جلدوں میں ) طلاق وتفریق ، اسلام کے اصول قانون ، مسلمانوں وغیر مسلموں کے تعلقات ، حلال وحرام ، اسلام کے نظام عشر وزکوٰۃ ، نئے مسائل، مختصر سیرت ابن ہشام، خطبات بنگلور ، نقوش نبوی،نقوش موعظت ، عصر حاضر کے سماجی مسائل ، دینی وعصری تعلیم۔ مسائل وحل ،راہ اعتدال ، مسلم پرسنل لا ایک نظر میں ، عورت اسلام کے سایہ میں وغیرہ شامل ہیں۔ (مجلۃ العلماء)

کل مواد : 106
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024

تبصرے

يجب أن تكون عضوا لدينا لتتمكن من التعليق

إنشاء حساب

يستغرق التسجيل بضع ثوان فقط

سجل حسابا جديدا

تسجيل الدخول

تملك حسابا مسجّلا بالفعل؟

سجل دخولك الآن
ویب سائٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اس سائٹ کے مضامین تجارتی مقاصد کے لئے نقل کرنا یا چھاپنا ممنوع ہے، البتہ غیر تجارتی مقاصد کے لیئے ویب سائٹ کا حوالہ دے کر نشر کرنے کی اجازت ہے.
ویب سائٹ میں شامل مواد کے حقوق Creative Commons license CC-BY-NC کے تحت محفوظ ہیں
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024