فنا نہ کر اپنی زندگی کو راہِ جنوں میں اے جواں۔۔

سال نو کے موقع پر لکھی گئی تحریر۔۔
سال 2023 اور ہم

یہ حقیقت ہے کہ انسان کو  پیدائش کے بعد یہ وقتِ مقررہ پورا ہونے کے بعد آخرت کے مراحل طے کرنا ہے جہاں انسان اپنے کیے ہوئے ہر اچھےاور برے عمل کا حساب دے گا ، اسی لیے ہم سب کو سالِ نو کے موقع پر اپنے آپ کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیۓ اور اپنی عمرِ رفتہ کا محاسبہ کرنا چاہیےکہ گزشتہ سال ہمارے نامۂ اعمال میں کتنی نیکیاں اور کتنی برائیاں لکھی گئیں؟

کیا ہم نے گذشتہ سال ایسے نیک اعمال میں گزارا کہ کل قیامت کے دن ان کو دیکھ کر خوش ہوسکیں اور جو ہمارے ليے دونوں جہاں میں نفع بخش ثابت ہوں؟

یا ہم نے اپنے دن ایسے گزارے جو ہماری دنیا و آخرت کی ناکامی کا ذریعہ بنیں گے؟

ہماری عبادت وریاضت، اطاعت و طریقت احکام الٰہی کے مطابق رہیں یا پھر سود و زیاں کا باعث؟ ہمارے صدقات و زکوٰۃ ، فرائض و نوافل ہمارے نفس میں خشوع و خضوع کا باعث بنے یا محض عادتاً انجام دیا گیا کہ تمام تر مشقت کے باوجود نامہ اعمال میں بڑھوتری کا سبب نہ بن سکے!!

معیشت و معاشرت اور اخلاقیات کے میدان میں ہمارے اخلاق نبیﷺ کے اخلاق کا نمونہ بنے یا نہیں؟

حقوق العباد، والدین، رشتہ دار، پڑوسی، یتیموں اور بیواؤں وغیرہ کے حقوق کی ادائیگی کو ہم نے اپنا فرضِ منصبی سمجھا یا نہیں؟

اولاد کی تربیت کے معاملے میں ہم نے فرامینِ الٰہی کو مقدم رکھا یا محض دنیوی مقاصد کے حصول میں انہیں سرگرداں رکھا؟

حصول علم اور اس کے تقاضے کو مد نظر رکھا یا پسِ پشت ڈال دیا؟

حقوق اللہ اور حقوق العباد کے تئیں ہم سنجیدہ ہوئے یا محض حیوانی طرزِ عمل کو اختیار کرتے ہوئے زندگی کے مقاصد سے بے خبر روز و شب گزارنے میں مشغول ہیں؟

اور یہ سوچنا چاہئے کہ عمرِ رفتہ میں وہ واجبات و فرائض جوہم پر واجب اور ضروری تھے ان کی ادئیگی مکمل طریقے سے ہوئی یا نہیں اگر کوتاہی یا تقصیر ہوئی تو سالِ نو کی آمد پر ان کمییوں اور کوتاہیوں کو ہم نہ صرف دور کریں بلکہ زندگی کو اور بھی بامقصد طریقے سے گزاریں اور وقت سے پہلے اپنے رب کو راضی کر لیں، لہذا ہم ایک طرف ایک سال اور ملنے پر سجدۂ شکر بجا لانے کا اہتمام کریں ساتھ ہی  عمر کا ایک سال کم ہونے پر محاسبۂ نفس کا عمل بھی جاری رکھیں اور پھر اپنی کوتاہیوں اور لغزشوں سے اجتناب برتنے کا عزمِ مصمم بھی کر یں۔اور رب کائنات کی بارگاہ میں دعاگو بھی ہوں، اور ساتھ ہی تجدید عہد کرتے ہوئے عقائد و نظریات کو اپنے دلوں میں راسخ کرلیں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں زندگی کے مقصد کو سمجھنے اور وقت کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین…

شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024

تبصرے

يجب أن تكون عضوا لدينا لتتمكن من التعليق

إنشاء حساب

يستغرق التسجيل بضع ثوان فقط

سجل حسابا جديدا

تسجيل الدخول

تملك حسابا مسجّلا بالفعل؟

سجل دخولك الآن
ویب سائٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اس سائٹ کے مضامین تجارتی مقاصد کے لئے نقل کرنا یا چھاپنا ممنوع ہے، البتہ غیر تجارتی مقاصد کے لیئے ویب سائٹ کا حوالہ دے کر نشر کرنے کی اجازت ہے.
ویب سائٹ میں شامل مواد کے حقوق Creative Commons license CC-BY-NC کے تحت محفوظ ہیں
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024