مضمون 2026/01/09 مشاہدات

اصول زندگی برائے فضلاء کرام، نصائح حضرت مولانا انعام اللہ صاحب دامت برکاتہم

بذریعہ

بلال أحمد

استاد محترم حضرت مولانا انعام اللہ صاحب حفظہ اللہ کی ختم بخاری کے موقعہ پر دورہء حدیث شریف کے طلباء کرام کو انتہائی اہم نصیحتیں، ہر نصیحت آب زر سے لکھنے کے لائق ہے:

1۔مقاصد بعثت نبوت تین ہیں:                                    

دعوت ، تعلیم اور تزکیہ       

ان تینوں سے جڑے رہنا۔                 

2۔کسی بڑے مدرسے میں پڑھانے کی طمع نہ ہو بلکہ اخلاص کے ساتھ کسی بھی چھوٹے مدرسے میں ہی تدریس شروع کردیں ۔شرط اخلاص ہے اللہ آپ سے کام لیں گے۔

3۔جہاں کہیں بھی جس مرضی شعبہ میں جائیں مگر مدرسے سے تعلق ضرور رکھیں، اگرچہ ایک گھنٹہ ہی کیوں نہ ہو۔

4۔کسی اللہ والے سے تعلق لازمی رکھیں اس سے آپ فتنوں سے بچے رہیں گے اور روحانیت ملتی رہے گی ۔

5۔اللہ والوں کی پہچان اتباع سنت ہے ۔                      

6۔مطالعہ اہتمام سے روزانہ کریں ۔(قرآن ،حدیث ،فقہ،سیرت،تفسیر ،اکابرین کی سوانح حیات اور تاریخ )

ان تمام موضوعات پر کوئی بھی ایک ایک آسان کتاب لے لیں اور روزانہ کی بنیاد پر مطالعہ شروع کردیں۔ایک یا دو گھنٹے کم از کم مطالعہ کریں۔اس سے آپکا علم مضبوط ہوگا۔

7۔جب بھی بیان کریں تو استدلال قرآن اور حدیث سے کریں۔

8۔ہفتہ وار شیڈول بنائیں جس میں ترتیب وار درس قرآن درس حدیث اور درس فقہ ہو ۔لوگوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایام طے کریں مگر تینوں درس ہفتے میں لازمی دیں۔

9۔ہمیشہ اہل حق کے ساتھ جڑے رہیں۔شاذ نہ بنیں،بڑوں کے ساتھ رہیں انکا ہاتھ تھام لیں ،ہر کام میں بڑوں سے مشورہ کریں۔علامہ ابن تیمیہ جیسے جلیل القدر علماء کرام کے شذوذ اور تفردات کو بھی امت نے قبول نہیں کیا۔

10۔اپنے اساتذہ سے تعلق رکھیں ،خود فیصلے نہ کریں انکے مشورے سے چلیں اس سے انکی توجہ اور دعائیں حاصل ہوں گی۔

11۔لوگوں کے ساتھ انتہائی نرمی سے پیش آئیں ،کبھی بھی انکے اعتراضات کا جواب مت دیں اس سے آپ جیت جائیں گے۔

12۔مثبت کام کریں اور مخالفین کی پرواہ کیے بغیر کام میں لگے رہیں کیونکہ اگر آپ مخالفین کے اعتراضات کا جواب دینے لگ جائیں گے تو آپکی محنت اور صلاحیت اس میں ضائع ہوجائے گی اور کام نہیں ہوسکے گا۔

13۔گھر والوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں،پڑوسیوں دوستوں طلباء کے ساتھ درگزر والا معاملہ کریں۔

14۔معاملات میں کبھی بھی قرضہ لیکر کام مت کریں، کاروبار کرنا ہو تو تھوڑے سے ہی شروع کرلیں مگر اپنا کریں اللہ برکت دے گا۔

15۔میڈیا کا استعمال بقدر ضرورت بوقت ضرورت،شہرت سے بچیں اسکے بہت نقصانات ہیں، آنلائن کام کرنا ہو تو ایک واٹس ایپ گروپ بنا لیں سب کے نمبر اس میں شامل کرلیں اور ان سب سے رابطے میں رہیں اور انکی راہنمائی کرتے رہیں۔

16۔کسی عالم کے خلاف بات مت کریں،اسکا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیں۔کسی کو سمجھانا ہو اور اصلاح مقصود ہو تو نصیحت تنہائی میں کریں سب کے سامنے ہرگز نہ کریں۔

17۔تمام دینی جماعتوں کیلئے دعائیں کریں اس سے آپ ان سب کے کام میں شامل ہوجائیں گے ،تنقید اور اعتراض نہ کریں اگر کوئی بات سمجھ نہ آئے تو انکے پاس جاکر پیار محبت سے پوچھ لیں۔

18۔کوئی نئی پارٹی یا فرقہ نہ بنائیں ،بلکہ اپنے علاقہ کے علماء کرام کے ساتھ مل کر کام شروع کردیں۔

19۔جب بھی کوئی ہدیہ آئے تو اسے اپنے پاس رکھنے کے بجائے آگے کسی اور عالم کو بھیج دیں۔

20۔کسی کی کمی کو ہرگز نہ دیکھیں ہر ایک کی خوبیاں دیکھیں۔

21۔ہمہ دم اپنی اصلاح کی فکر ہو کیوں کہ جو دوسروں کی اصلاح میں لگتا ہے وہ اپنی اصلاح سے غافل ہوجاتا ہے۔

22۔راتوں کی محنت کو بڑھائیں، تہجد دعا اور اللہ کے سامنے رونا ۔اس سے اللہ کے ساتھ تعلق مضبوط ہوگا ۔

22۔تنہائی میں اللہ کا ذکر کریں، تلاوت کی پابندی ،نظر کی حفاظت،حیا کی حفاظت۔

23۔ہر حال میں حرام کھانے سے بچنا ورنہ روحانیت کھو جائے گی ۔

24۔کسی سے اختلاف نہیں کرنا ،لڑنا جھگڑنا ہرگز نہیں۔

 

اب جس کے جی میں آئے 

وہی پائے اس سے روشنی 

ہم نے دیا جلا کے سر عام رکھ دیا

تبصرے (0)

اپنا تبصرہ لکھیں

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں ہے۔ پہلا تبصرہ آپ کریں!