پر اثر لوگوں کی سات عادات (۱) تمہید
پر اثر لوگوں کی سات عادات (انگریزی: The 7 Habits of Highly Effective People) مشہور امریکی مصنف اور تاجر سٹیفن آر-کوئے کے ذریعے لکھی گئی مشہور انگریزی کتاب ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے "شخصیت میں مثبت تبدیلی کے اسباق" کو سات عادات کے عنوان سے مرتب کیا ہے۔ یہ کتاب پہلی بار سنہ 1989ء میں شائع ہوئی تھی۔ یہ کتاب دنیا کی سب سے زیادہ فروخت والی اور مختلف زبانوں میں ترجمہ کی جانے والی کتابوں میں سے ایک ہے۔ اسے بیسویں صدی کی اہم ترین کتب میں سے مانا جاتا ہے۔
اس کتاب میں سات عادتوں پر بات کی گئی ہے:
- پہلی تین عادتیں انسان کی ذات میں کامیابی سے متعلق ہیں، اپنے آپ ذہنی ونفسیاتی طور پر بہتر بنانے، اور اپنی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے سے متعلق ہیں۔
- اگلی تین عادتیں معاشرے کے ساتھ برتاؤ، اور ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے سے متعلق ہیں۔
- ساتویں اور آخری عادت، تجدید سے متعلق ہے، کہ کس طرح موجودہ کیفیت کو آپ مزید بہتر بنا سکیں، اور اپنی صلاحیتوں اور شخصیت کی تجدید وتعمیر نو کرتے رہیں۔
اگر آپ اس کتاب کو سنجیدگی سے پڑھیں تو یہ آپ کی زندگی کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اصل کتاب انگریزی میں ہے، زیر نظر تحریر اور آئندہ آنے والی تحریرات میں سلسلہ وار اس کتاب کا خلاصہ پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، امید ہے کہ قارئین کرام کو پسند بھی آئے گی اور فائدہ بھی ہوگا۔