تہذیبی ارتداد

ایمان کچھ حقیقتوں کو ماننے کا نام ہے ، جن میں سب سے اہم اللہ پر ، رسول پر ، اللہ کی کتاب پر اور آخرت پر ایمان لانا ہے ؛ لیکن رسول اللہ ا نے صرف ایمانیات ہی پر زور نہیں دیا ؛ بلکہ عبادات ، معاملات اور زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی ہدایات سے سر فراز فرمایا اورپوری قوت اور تاکید کے ساتھ اُمت ِمسلمہ کو ان تعلیمات پر کار بند رہنے کی تلقین فرمائی ؛ کیوں کہ کسی قوم کے لئے اپنے تشخص کو بر قرار رکھنا صرف عقیدہ کے ذریعہ ممکن نہیں ؛ بلکہ تہذیب و معاشرت کو بھی اس میں بڑا دخل ہے ، ہندوستان میں کتنی ہی قومیں ہیں ، جو آج ہندو قوم کا حصہ بن چکی ہیں ، وہ اعتقادی اورنظریاتی اعتبار سے اپنا الگ وجود رکھتی ہیں ؛ لیکن انھوں نے دوسری قوموں سے سماجی اور تہذیبی فاصلہ قائم نہیں رکھا ، رہن سہن ، لباس و پوشاک ، خور د و نوش ، شادی بیاہ ، خوشی اور غم کی تقریبات وغیرہ میں انھوں نے اپنا رنگ برقرار نہیں رکھا ، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آہستہ آہستہ انھوںنے اپنا تشخص کو کھو دیا اور آج ہندوقوم ان کو اپنا ایک حصہ تصور کرتا ہے ۔ 
اس وقت پوری دنیا میں اس بات کی کوشش کی جارہی ہے ، کہ مسلمانوں کو ان کے مذہبی تشخص سے محروم کر دیا جائے ؛ کیوں کہ جب کوئی قوم اپنی سماجی انفرادیت سے محروم ہو جاتی ہے ، تو وہ آہستہ آہستہ دین و مذہب ہی سے اپنا رشتہ توڑ لیتی ہے اور اگر وہ کسی دوسرے مذہب کے دائرہ میں داخل نہ ہو ، جب بھی الحاد و انکار کا راستہ اختیار کر لیتی ہے ، یا کم سے کم وہ مذہب کے بارے میں غیر سنجیدہ رویہ اختیار کر لیتی ہے ، غیر سنجیدہ رویہ سے مراد یہ ہے کہ مذہب سے اس کی کوئی ذہنی اور فکری وابستگی نہیں ہوتی ؛ البتہ وہ اسے ایک خاندانی روایت سمجھ کر ڈھوتی رہتی ہے ، مذہبی اقدار پر اس کا کوئی یقین نہیں ہوتا ؛ البتہ خاندانی روایت کے تحت خاص خاص مذہبی تقریبات اور تہواروں میں اس کی شرکت ہو جاتی ہے اور گاہے گاہے کچھ عبادت کی توفیق میسر آجاتی ہے ؛ لیکن حلال و حرام ، معاملات ، کسب ِمعاش اور سماجی زندگی میں مذہب کے لئے کوئی خانہ نہیں ہوتا ، اسی کیفیت کو میں نے ’’ تہذیبی ارتداد‘‘ سے تعبیر کیا ہے ۔
یہ ارتداد دبے پاؤں آتا ہے ، غیر محسوس طریقہ پر داخل ہوتا ہے اور ایسا میٹھا زہر بن کر حلق سے اتر تا ہے کہ زہر کھا کر بھی انسان تحسین وآفریں کے کلمات کہہ اُٹھتا ہے ، یہ ارتداد نہ سوئے ہووں کو جگاتا ہے ، نہ غافلوں کو متوجہ کرتا ہے ، نہ فکر مند دِلوں میں تلاطم پیدا کرتا ہے ، نہ قلب وذہن کو جھنجھوڑتا ہے اور نہ اس کی وجہ سے سماج میں کوئی ہلچل پیدا ہوتی ہے ، یہ اس بیماری کی طرح ہے ، جو بہ ظاہر ہلکی ہو ؛ لیکن بہ تدریج انسان کو موت کی طرف لے جائے اور یہ ایسا نشہ ہے کہ مقتول خود قتل کی طرف بڑھتا چلا جاتا ہے ، اس لئے اس ارتداد کو خوب سمجھنے ، اس کے اسباب پر نظر رکھنے اور اس کے نتائج و عواقب پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔
اس وقت پوری دنیا جو بنیادی طور پر یہودی دماغ اور یہودی منصوبہ بندی کی آلۂ کار بنی ہوئی ہے اور اس کے اشارۂ چشم و ابرو پر رقصاں ہے ، اس بات کے لئے کوشاں ہے کہ اگر مسلمانوں کو کھلے عام مرتد نہیں کیا جاسکتا ، تو ان پر ایسی زبر دست تمدنی یلغار کردی جائے کہ وہ خوشی خوشی تہذیبی ارتداد کو قبول کر لیں اور اس مقصد کے لئے اتنے طاقتور حربے استعمال کئے جار ہے ہیں کہ بہ ظاہر اس سے زیادہ دور رس اور قوی و مؤثر کوئی اور ذریعہ نہیں ، ٹی وی نے اس رفتار کو بہت تیز کر دیا ہے اور ڈش انٹینا کی وجہ سے مسلمان ملکوں اور مشرقی ملکوں میں ایسے فحش پروگرام کا ایک طوفان سا آگیا ہے کہ جن کا اسلام اور مسلم سماج میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا ، اب انٹر نیٹ نے اس تہذیبی یلغار کو مزید طاقت ور بنا دیا ہے اور ایک ایسی چیز جو بہترین تعمیری اورتعلیمی مقاصد کے لئے استعمال ہو سکتی تھی ، انتہائی تخریبی اور غیر اخلاقی مہم جوئی کا آلۂ کار بنی ہوئی ہے ، اب جو نئی معاشی اصلاحات کا عمل پوری دنیا میںجاری ہے اور ’’عالمیانے ‘‘ کی نئی اصطلاح شروع ہوئی ہے ، اس کے نتیجہ میں مغربی صحافت ، مغربی لٹریچر اور مغربی کمپنیوں کے وساطت سے مخرب اخلاق غذائی اور غیر غذائی اشیاء کی آمد کا ایک سیل بلا خیز جاری و ساری ہے ۔
اس وقت اس منصوبہ کے نقوش مشرقی علاقوں میں اور مسلم ملکوں میں نہایت واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں ، ادھر چند سالوں میںعرب اوراسلامی ممالک میں خواتین کے لباس اس قدر تبدیل ہو گئے ہیں کہ امریکی و یورپی ملبوسات اور عرب خواتین کے ملبوسات میں کوئی فرق باقی نہیں رہا ، بہت سے عرب اور مسلم ممالک وہ ہیں جہاں عوام تو کجا ؟ علماء بھی داڑھی نہیں رکھتے ، ڈاڑھی جسے کسی زمانہ میں صلاح و تقویٰ اور شرافت واعتماد کی علامت سمجھا جاتا تھا ، اب دہشت گردی اور شدت پسندی کی پہچان سمجھی جاتی ہے ، مجھے ایک بار حج کے موقع سے مکہ مکرمہ میں ایک ہوٹل میں ٹھہرنے کا اتفاق ہوا ، جس کے استقبالیہ پر ایک دین دار ، خوش شکل ، مصری نوجوان لڑکا بیٹھا کرتا تھا اور اس کے چہرے پر داڑھی بہت بھلی محسوس ہوتی تھی ، میں اکثر عشاء کے بعد مسجد سے واپس ہوتے ہوئے دو چار منٹ اس کے پاس بیٹھ جاتا ، کبھی مذہب پر ، کبھی عربی زبان کے بارے میں اور کبھی مصر میں مسلمانوں کے حالات کے متعلق اس سے گفتگو ہوتی ، وہ بہت برجستہ اور بہت ہی بلیغ اور سہل عربی زبان میں گفتگو کرتا اور بہت ہی اخلاق و مروت سے پیش آتا ، اس لئے اس نوجوان سے گفتگو کرتے ہوئے لطف سا آتا تھا ، میں نے ایک دن کہا کہ مصر کے لوگ عام طورپر داڑھی نہیں رکھتے ؛ لیکن آپ نے جو داڑھی رکھی ہے ، یہ بہت اچھی بات ہے ، اس سے آپ کے چہرے پر ایک نورانیت اور معصومیت سی معلوم ہوتی ہے ، میری یہ بات سن کر وہ افسردہ سا ہو گیا اور اس نے سنجیدہ ہو کر کہا کہ شیخ آپ سچ کہتے ہیں ، میں داڑھی رکھنا چاہتا ہوں ؛ لیکن مصر میں داڑھی رکھنے میں بڑی مشکلات ہیں ، ہمارے یہاں داڑھی رکھنے والوں کو باضابطہ اپنا رجسٹریشن کرانا پڑتا ہے ، میں جب پہلی بار داڑھی رکھ کر اپنے وطن گیا تو مجھے سات آٹھ گھنٹہ ایر پورٹ پر تفتیش کے لئے روک لیا گیا اور میرے پورے اہل خاندان کو طلب کیا گیا ، جن میں میری ماں اوربہنیں بھی تھیں اور ان سے بھی کافی دیر تک تفتیش کی گئی ، اس کے بعد سے مجبوراً میں مصر جاتے ہوئے اپنی داڑھی صاف کرا لیتا ہوں اور واپسی کے بعد پھر داڑھی رکھ لیتا ہوں — غور کیجئے ! کیسا غضب ہے کہ ایک مسلمان ملک میں مسلمانوں کو داڑھی رکھنے کی اجازت نہ ہو ، کاش ! یہ اسرائیل ہی سے سبق حاصل کرتے جہاں یہودی مذہبی طبقے کے داڑھی رکھنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ، جب مسلمان ملکوں میں بسنے والے مسلمانوں کا یہ حال ہے تو ان مسلمانوں کے بارے میں کیا کہا جائے ، جو مغربی ثقافت کی آغوش میں محو غفلت ہیں اور اسے دنیا ہی میں جنت تصور کرتے ہیں ۔
اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ مغربی ممالک نے عرب اور اسلامی ممالک اور مختلف علاقوں میں بسنے والے تارکین وطن مسلمانوں کے لئے فراخ دلی کے ساتھ اپنا دامن دل کھول رکھا ہے ، انھیں شہریت دی جاتی ہے ، انھیں ملازمت اور مزدوری کے مواقع ملتے ہیں ، اور انھیں اپنے ملکوں سے بڑھ کر شہری حقوق دے دئے جاتے ہیں ، تارکین وطن خوش ہیں کہ انھیں پھلنے ، پھولنے اور آگے بڑھنے کے بھر پور مواقع ہاتھ آ رہے ہیں ؛ لیکن انھیں نہیں معلوم کہ وہ ان ممالک کے ہاتھوں اپنی اگلی نسلوں کا سودا کر رہے ہیں ؛ چنانچہ لاکھوں عرب اور فلسطینی جو پچاس سال پہلے امریکہ گئے ، اب ان میں اپنے مسلمان ہونے کی پہچان بھی باقی نہیں رہی، مذہبی شعور رخصت ہوا ، رہن سہن بدل گیا ، زندگی کے طور و طریق تبدیل ہو گئے ، یہاں تک کہ ان کے نام میں بھی مسلمانیت کی کوئی بو باقی نہیں رہ گئی ہے ؛ حالاں کہ ان کے آباء و اجداد راسخ العقیدہ مسلمان اور عرب تہذیب کے علمبردار بن کر یہاں آئے تھے ، اگر آج ان گذری ہوئی روحوں کو دوسری زندگی دے دی جائے تو شاید ہی وہ خود اپنی نسل اور اپنی اولاد کو پہچان سکیں ، یہ ہے اس تہذیبی ارتداد کا اثر ، جو بہ تدریج افراد و اقوام کو فطری اور اعتقادی ارتداد کی طرف لے جاتا ہے !
اسی پس منظر میں رسول اللہ انے ارشاد فرمایا کہ جس نے کسی قوم کی مشابہت اورمماثلت اختیار کی ، وہ ان ہی میں سے ہو گیا ، اس روایت کو امام ابو داؤد نے حضرت عبداللہ بن عمرص اور امام طبرانی ؒنے حضرت حذیفہ بن الیمان صسے روایت کیا ہے اور علامہ سیوطیؒ نے اس حدیث کو ’’ حسن ‘‘ یعنی مقبول قرار دیا ہے ، ( الجامع الصغیر، حدیث نمبر : ۸۵۹۳) رسول اللہ ا کے اس ارشاد میں عقیدۂ و ایمان میں غیر مسلموں سے مماثلت مراد نہیں ہے ؛ کیو ںکہ جو شخص عقیدہ کے اعتبار سے غیر اسلامی فکر اختیار کرلے، وہ تو پہلے ہی سے مسلمان نہیں ہے، اس کے غیر مسلموں سے مشابہت اختیار کرنے کے کیا معنی ؟ لہٰذا اس حدیث میں عملی اور سماجی زندگی میں غیر مسلموں کے تشبہ سے منع فرمایا گیا ہے اور مختلف مسائل میں حضوراکی تشریح و توضیح نے اس نکتہ کو مزید واضح کیا ہے ، مثلاً آپ انے سورج نکلنے ، سورج ڈوبنے اور سورج کے نصف آسمان پر ہونے کے وقت نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے ، اس کی وجہ کیا ہے ؟ یہ کہ یہی اوقات عام طور پر مشرک اور آفتاب پرست قوموں کی عبادت کے رہے ہیں ، جو قومیں سورج کی پرستار ہیں ، وہ ان ہی اوقات میں سورج کی پوجا کرتی ہیں ، اس لئے ان اوقات میں مسلمانوں کو نماز پڑھنے سے منع فرمایا گیا ۔ 
روزہ میں حکم دیا گیا کہ افطار جلدی کیا جائے ، افطار میں تاخیر نہ کی جائے ؛ کیوںکہ افطار میں تاخیر اہل کتاب کا طریقہ ہے ، یومِ عاشوراء کے ساتھ مزید ایک روزہ رکھنے کا حکم ہوا ؛ کیوں کہ اس دن یہود بھی روزہ رکھا کرتے تھے ؛ تاکہ مسلمان اپنی عبادت میں ان سے ممتاز رہیں ، حج میں بہت سے ایسے افعال جن کو مشرکین بہت اہمیت دیتے تھے ، اسلام نے ان کو ختم کیا ، یا ان میں تبدیلی پیدا کی ، پھر یہی ہدایات آپ نے وضع قطع اور لباس و پوشاک کے بارے میں بھی دی ، مجوسی داڑھی منڈایا کرتے تھے ، آپ نے اس سے منع فرمایا ، اہل ایران اظہار فخر کے لئے ٹخنوں سے نیچے کپڑے پہنتے تھے ، آپ انے اس پر سخت نا پسندیدگی کا اظہار فرمایا، اہل مکہ سر میں مانگ بھی نکالا کرتے تھے ؛ چنانچہ مکی زندگی میں آپ نے سیدھے بال رکھنے کو پسند فرمایا ؛ تاکہ مسلمان ان سے ممتاز رہیں ، مدینہ میں یہود سیدھے بال رکھتے تھے ، تو وہاں آپ نے مانگ نکالنے کو پسند فرمایا ، پھر جب تمام عرب نے اسلام قبول کر لیا ، تو آپ انے دونوں طرح بال رکھنے کی اجازت مرحمت فرمادی ، اسی طرح عرب یا تو صرف ٹوپی پہنتے تھے ، یا صرف عمامہ باندھتے تھے ، رسول اللہ انے صحابہ کو ابتداء ً ہدایت دی تھی کہ وہ ٹوپی اور عمامہ دونوں کا استعمال کریں ؛ تاکہ ان کے اور مشرکین کے درمیان امتیاز باقی رہے ، بعد کو جب اہل عرب ایمان لے آئے ، تو آپ نے صرف ٹوپی یاصرف عمامہ کے استعمال کی بھی اجازت مرحمت فرمائی ۔
دین کا یہ مزاج کہ مسلمانوں کو قومی اعتبار سے دوسری اقوام سے ممتاز اور مشخص رہنا چاہئے ، فقہاء نے بھی اپنے اجتہاد و استنباط اور قانون شرع کی تشریح و توضیح میں ہمیشہ اس کو ملحوظ رکھا ہے اور لباس و پوشاک ، خور د و نوش ، عبادات ، یہاں تک کہ عبادت گاہوں کے طرزِ تعمیر وغیرہ ہرمرحلہ پر ایک بنیادی اُصول کی حیثیت سے اس بات کو پیش نظر رکھا ہے کہ مسلمان ایک امتیازی شان اور وہ اپنے دین و مذہب اورتہذیب و تمدن میں دوسری قوموں سے ممتاز اور مشخص رہیں ؛ کیوں کہ جب کوئی قوم اپنی تہذیب سے محروم ہوجاتی ہے اور تمدن وثقافت کے میدان میں در یوزہ گری پر اتر آتی ہے تو پھر آہستہ آہستہ وہ اپنے فکر و عقیدہ سے ہی ہاتھ دھو بیٹھتی ہے ۔ 
ہندوستان میں اس وقت سنگھ پریوار کی جانب سے اس بات کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے کہ مسلمان نماز پڑھیں ، مسجدوں کو جائیں ، عید بقرعید وغیرہ کر لیا کریں ؛ لیکن اسلامی تہذیب کو خیر باد کہہ دیں ، اس کے لئے بہ ظاہر معمولی ؛ لیکن نتائج کے اعتبار سے دور رس اقدامات کئے جارہے ہیں ، نصاب تعلیم میں تبدیلی لائی جا رہی ہے ، ہندو ازم کو ایک نظریۂ و عقیدہ کے بجائے قومی ثقافت کے روپ میں پیش کیا جارہا ہے ، اسکولوں میں دیویوں ، دیوتاؤں کی مورتیاں رکھی جاتی ہیں ، ہندو مذہبی تقریبات میں مسلمانوں کو دعوت دی جاتی ہے اور انھیں شریک کیا جاتا ہے اور ہمارے مسلمان نوجوان دیوالی اور ہولی میں ذوق و شوق کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں، مردوں اور عورتوں کے لئے دھوتی نما پائجامہ بنائے جارہے ہیں ، بہت سے علاقوں میں مسلمان عورتیں ہندوانہ رسم و رواج کے مطابق سِندور لگاتی ، یا کالی پوت کے ہار پہنتی ہیں ، بین مذہب شادی بیاہ کا رواج بھی بڑھ رہا ہے ، بعض جگہ مسلمان بچوں کے ہندی نام بھی رکھے جارہے ہیں ، ٹی وی پروگراموں کا ہندو کرن کیا جارہا ہے اور ہندو دیوتاؤں اور فرمانرواؤں کو قومی ہیرو کے روپ میں پیش کیا جارہا ہے اور اس طرح کی بہت سی چیزیں ہیں ، جو ہمارے سماج میں دبے پاؤں آگے بڑھ رہی ہیں ، آج ہم ان کے قدموں کی آہٹ سننے سے قاصر ہیں ؛ لیکن اگر ہم نے حالات کو محسوس نہیں کیا تو مستقبل میں اس سے ناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے ، اس لئے اس وقت اس تہذیبی ارتداد کی طرف بڑھتے ہوئے قدم کو پوری قوت کے ساتھ روکنے کی ضرورت ہے کہ یہ محض سیاسی و ثقافتی مسئلہ نہیں ؛ بلکہ اپنے دور رس اثرات کے اعتبار سے ہمارے ملی بقا اور دینی تحفظ کا مسئلہ ہے !

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی


مولانا کا شمار ہندوستان کے جید علما ء میں ہوتا ہے ۔ مولانا کی پیدائش جمادی الاولیٰ 1376ھ (نومبر 1956ء ) کو ضلع در بھنگہ کے جالہ میں ہوئی ۔آپ کے والد صاحب مولانا زین الدین صاحب کئی کتابوً کے مصنف ہیں ۔ مولانا رحمانی صاحب حضرت مولانا قاضی مجا ہد الاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کے بھتیجے ہیں۔آپ نے جامعہ رحمانیہ مو نگیر ، بہار اور دارالعلوم دیو بند سے فرا غت حاصل کی ۔آپ المعھد الاسلامی ، حید رآباد ، مدرسۃ الصالحات نسواں جالہ ، ضلع در بھنگہ بہار اور دار العلوم سبیل الفلاح، جالہ ، بہار کے بانی وناظم ہیں ۔جامعہ نسواں حیدرآباد عروہ ایجو کیشنل ٹرسٹ ،حیدرآباد ، سینٹر فارپیس اینڈ ٹرومسیج حیدرآباد پیس فاؤنڈیشن حیدرآباد کے علاوہ آندھرا پر دیش ، بہار ، جھار کھنڈ ، یوپی اور کر ناٹک کے تقریبا دو درجن دینی مدارس اور عصری تعلیمی اداروں کے سر پرست ہیں ۔ المعھد العالی الھند تدریب فی القضاء والافتاء ، پھلواری شریف، پٹنہ کے ٹرسٹی ہیں ۔اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا اور مجلس تحفظ ختم نبوت ،آندھرا پر دیش کے جنرل سکریٹری ہیں ۔

آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے رکن تا سیسی اور رکن عاملہ ہیں ۔ مجلس علمیہ ،آندھرا پر دیش کے رکن عاملہ ہیں ۔امارت شرعیہ بہار ،اڑیسہ وجھار کھنڈ کی مجلس شوریٰ کے رکن ہیں ،امارت ملت اسلامیہ ،آندھرا پر دیش کے قاضی شریعت اور دائرۃ المعارف الاسلامی ، حیدرآباد کے مجلس علمی کے رکن ہیں ۔ آپ النور تکافل انسورنش کمپنی ، جنوبی افریقہ کے شرعی اایڈوائزر بورڈ کے رکن بھی ہیں ۔
اس کے علاوہ آپ کی ادارت میں سہ ماہی ، بحث ونظر، دہلی نکل رہا ہے جو بر صغیر میں علمی وفقہی میدان میں ایک منفرد مجلہ ہے ۔روز نامہ منصف میں آپ کے کالم ‘‘ شمع فروزاں‘‘ اور ‘‘ شرعی مسائل ‘‘ مسقتل طور پر قارئین کی رہنمائی کر رہے ہیں ۔
الحمد للہ آپ کئی کتابوں کے مصنف ہیں ۔آپ کی تصنیفات میں ،قرآن ایک الہامی کتاب ، 24 آیتیں ، فقہ القرآن ، تر جمہ قرآن مع مختصر تو ضیحات، آسان اصول حدیث، علم اصول حدیث ، قاموس الفقہ ، جدید فقہی مسائل ، عبادات اور جدیدمسائل، اسلام اور جدید معاشرتی مسائل اسلام اور جدید معاشی مسائل اسلام اور جدید میڈیل مسائل ،آسان اصول فقہ ، کتاب الفتاویٰ ( چھ جلدوں میں ) طلاق وتفریق ، اسلام کے اصول قانون ، مسلمانوں وغیر مسلموں کے تعلقات ، حلال وحرام ، اسلام کے نظام عشر وزکوٰۃ ، نئے مسائل، مختصر سیرت ابن ہشام، خطبات بنگلور ، نقوش نبوی،نقوش موعظت ، عصر حاضر کے سماجی مسائل ، دینی وعصری تعلیم۔ مسائل وحل ،راہ اعتدال ، مسلم پرسنل لا ایک نظر میں ، عورت اسلام کے سایہ میں وغیرہ شامل ہیں۔ (مجلۃ العلماء)

کل مواد : 106
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024

تبصرے

يجب أن تكون عضوا لدينا لتتمكن من التعليق

إنشاء حساب

يستغرق التسجيل بضع ثوان فقط

سجل حسابا جديدا

تسجيل الدخول

تملك حسابا مسجّلا بالفعل؟

سجل دخولك الآن
متعلقہ الفاظ
  • #شمع فروزاں
  • آپ بھی لکھئے

    اپنی مفید ومثبت تحریریں ہمیں ارسال کیجئے

    یہاں سے ارسال کیجئے

    ویب سائٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اس سائٹ کے مضامین تجارتی مقاصد کے لئے نقل کرنا یا چھاپنا ممنوع ہے، البتہ غیر تجارتی مقاصد کے لیئے ویب سائٹ کا حوالہ دے کر نشر کرنے کی اجازت ہے.
    ویب سائٹ میں شامل مواد کے حقوق Creative Commons license CC-BY-NC کے تحت محفوظ ہیں
    شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024