ذوالحجہ عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں حج کرنے کا مہینہ، اس مہینے میں چونکہ حج کی ادائیگی کی جاتی ہے اس لیے اس مہینے کو ذو الحجہ کہا جاتا ہے.
ماہ ذی الحجہ کی فضیلت:
ماہِ ذی الحجہ اسلامی اور قمری مہینوں میں سب سے آخری مہینہ ہے، اور یہ مکمل مہینہ بڑا ہی مبارک، فضیلت و عظمت اور احترام والا مہینہ ہے، جیسا کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے "اِنَّ عِدَّةَ الشُّهُوۡرِ عِنۡدَ اللّٰهِ اثۡنَا عَشَرَ شَهۡرًا فِىۡ كِتٰبِ اللّٰهِ يَوۡمَ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضَ مِنۡهَاۤ اَرۡبَعَةٌ حُرُمٌ ؕ ذٰ لِكَ الدِّيۡنُ الۡقَيِّمُ ۙ فَلَا تَظۡلِمُوۡا فِيۡهِنَّ اَنۡفُسَكُمۡ ؕ" اللہ کے نزدیک مہینوں کی گنتی 12 ہے اسی دن سے جس دن اللہ نے اسمانوں اور زمین کی تخلیق کی تھی ان میں چار مہینے محترم اور عظمت کے ہیں یہی سیدھا دین ہے تم لوگ ان مہینوں میں اپنے اوپر ظلم نہ کرو. (التوبة)
ان چار عظمت والے مہینوں کی وضاحت کرتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "السَّنةُ اثْنَا عَشَر شَهْرًا، مِنْهَا أَرْبَعَةٌ حُرُم: ثَلَاثٌ مُتَوَالِيَاتٌ: ذُو الْقَعْدَةِ، وَذُو الْحِجَّةِ، وَالْمُحَرَّمُ، وَرَجَبُ، مُضَرَ الَّذِي بَيْنَ جُمَادَى وَشَعْبَانَ." ایک سال جو 12 ماہ کا ہوتا ہے ان میں چار مہینے حرمت اور عزت والے ہیں، جن میں تین مہینے مسلسل پے در پے ہیں یعنی ذوالقعدہ ذوالحجہ اور محرم اور ایک رجب کا مہینہ ہے جو کہ جمادی الاخریٰ اور ماہ شعبان کے درمیان ہے، (بخاری)
12 مہینوں میں جن چار مہینوں کو اللہ نے خاص کرتے ہوئے محترم قرار دیا ان میں ماہ ذی الحجہ بھی ہے اس ماہ میں ظلم و زیادتی حق تلفی قتل و غارت گری جنگ و جدال سب منع ہے، احادیث میں اس حرمت والے ماہ میں بکثرت اعمالِ صالحہ کرنے اور معصیت سے اجتناب کرنے کی تاکید کی گئی ہے،
اسی ماہ میں ایک دن ایسا ہے کہ جس دن کا روزہ دو سال کے گناہوں کی بخشش کا ذریعہ ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "صيام يوم عرفة أحتسب على الله أنه يكفر السنة التي قبله والسنة التي بعده". (مسلم)
نیز اس ماہ میں اللہ نے ایک خاص عبادت کو صاحبِ استطاعت مسلمان پر فرض قرار دیا ہے، جو کہ اسلام کا پانچواں رکن حج ہے، ”وَلِلَّہِ عَلَی النَّاسِ حِجُّ الْبَیْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ إِلَیْہِ سَبِیلًا“ (آل عمران)
اسی ماہ میں ابراہیم علیہ السلام کی یاد میں قربانی کی جاتی ہے جس کے ذریعے آدمی اللہ کا قرب حاصل کرتا ہے، "فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَٱنْحَرْ" (الکوثر)
الغرض ماہ ذی الحجہ ایک خاص عبادات کا مجموعہ ہے، نیز یہ اشھرِ حرم یعنی حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے.
اللہ ہمیں اس حرمت والے ماہ کی عظمت کو سمجھنے اور اس میں نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین