کیا حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا مسلمان تھیں؟

سوال

کیا حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا مسلمان تھیں؟، اس بارے میں مختلف باتیں سننے کو مل رہی ہیں، درست وصحیح بات کیا ہے؟. (سفیان صاحب لاہور )

الجواب حامدا ومصلیا

اس بارے میں دو قول مروی ہیں، دمیاطی سے عدم اسلام کا قول مروی ہے جو کہ مرجوح ہے، جب کہ جمہور کے نزدیک صحیح اور راجح قول کے مطابق وہ مسلمان ہوئی تھیں.

زاد المعاد في هدي خير العباد میں ابن قيم جوزيہ نے لکھا ہے : واختلف في إسلام أبويه من الرضاعة، فالله أعلم. اهـ.

صحیح اور راجح قول کے مطابق حضرت سیدہ حلیمہ سعدیہ نے اسلام قبول کر لیا تھا.

علامہ فاسیی نے مستعذب الإخبار میں لکھا ہے کہ ابن حبان وغیرہ نے حضرت حلیمہ سعدیہ اور آپ کی صاحبزادی شیماء کے قبول اسلام کی روایت کی تصحیح کی ہے، وہ فرماتے ہیں : وصحح ابن حبان وغيره حديث إسلام حليمة وابنتها الشيماء.

علامہ صالحی شامی نے سبل الھدی میں آپ کو صحابیات میں شمار کیا ہے.

شرح المواهب الدنية کے حاشیہ میں ہے کہ اکثر علماء اسلام کے نزدیک حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا نے اسلام قبول کرلیا تھا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت پائی ہے، یہی بات صحیح ہے.
فالأكثرون ـ وهو الصحيح ـ على أنها أسلمت وصحبت.

حضرمی نے منتهى السؤال میں لکھا ہے : وصحّح ابن حبّان وغيره ما يدلّ على إسلام حليمة، ثم قال: قلت: وابن عبد البرّ وابن حبان كل منهما أجل من الحافظ الدمياطي الذي قال إنها لم تسلم، فالراجح عندي ما قاله ابن عبد البرّ، من إثبات إسلامها، وهو الذي اعتمده الحافظ مغلطاي، وأيّده علماء عصره، لا سيما وقد ذكرها الحافظ ابن حجر العسقلاني في الإصابة في الصحابيات أهل القسم الأول.
ولذلك، فإن القول بإسلامها هو الصحيح.

خلاصہ یہ ہے کہ ابن حبان، ابن عبدالبر، حافظ مغلطائی، حافظ ابن حجر، علامہ شامی صالحی وغیرہ جمہور علماء کرام کے نزدیک صحیح اور راجح یہ ہے کہ حضرت سیدہ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا مشرف باسلام ہوئیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت پائی تھی.

واللہ اعلم بالصواب.

ابو الخیر عارف محمود
دارالتصنیف مدرسہ فاروقیہ کشروٹ گلگت.
15 جمادی الاولی 1440ھ
21/1/2019.

 

شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024

تبصرے

يجب أن تكون عضوا لدينا لتتمكن من التعليق

إنشاء حساب

يستغرق التسجيل بضع ثوان فقط

سجل حسابا جديدا

تسجيل الدخول

تملك حسابا مسجّلا بالفعل؟

سجل دخولك الآن
ویب سائٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اس سائٹ کے مضامین تجارتی مقاصد کے لئے نقل کرنا یا چھاپنا ممنوع ہے، البتہ غیر تجارتی مقاصد کے لیئے ویب سائٹ کا حوالہ دے کر نشر کرنے کی اجازت ہے.
ویب سائٹ میں شامل مواد کے حقوق Creative Commons license CC-BY-NC کے تحت محفوظ ہیں
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024