صحابہ اوراہل بیت ؓکے باہمی تعلقات

رسول اللہ االلہ کی جانب سے مصطفی اور مجتبیٰ یعنی چنے ہوئے تھے ، اللہ نے نبوت کے لئے آپ کا انتخاب فرمایا تھا ، جیسے اللہ نے آپ کو نبوت جیسی عظیم ذمہ داری کے لئے منتخب فرمایا ، اسی طرح آپ ا کی رفاقت اور صحبت کے لئے بھی انسانیت کے منتخب اور برگزیدہ اشخاص کا انتخاب ہوا ، اسی لئے حضرت عبد اللہ بن مسعود صنے صحابہ ث کے بارے میں فرمایا : اللہ تعالیٰ نے ان کو آپ کی صحابیت کے لئے منتخب فرمایا ہے ، ’’اختارھم اﷲ لصحبۃ نبیہ‘‘ اسی طرح اللہ کی جانب سے آپ اکے اہل بیت اور پاک بیویاں بھی سرد و گرم کی رفاقت اوراُمت کے لئے خانگی اور نجی زندگی کا نمونہ پیش کرنے کے لئے اللہ کی جانب سے منتخب تھے ، ان ہی اہل بیت میں آپ اکی صاحبزادیاں تھی اور ان صاحبزادیوں میں آپ کی چہیتی اورچھوٹی صاحبزادی حضرت فاطمۃ الزہراgہیں ، جن کو رسول اللہ انے خواتین جنت کی سردار قرار دیا اور جن کے بارے میں اُم المومنین حضرت عائشہ gکی گواہی ہے کہ آپ ا کو لوگوں میں سب سے زیادہ محبت حضرت فاطمہgسے تھی ، حضرت فاطمہgاپنے اُٹھنے بیٹھنے اور چلنے پھرنے میں حضور سے بہت زیادہ مشابہ تھیں اور آپ پر حیاء کا اس قدر غلبہ تھا کہ عہد ِصحابہ میں بھی شاید ہی اس کی کوئی مثال مل سکے ۔
حضرت فاطمہ gکے شوہر چوتھے خلیفہ راشد سیدنا حضرت علیص تھے ، جو حضور ا سے نسبی اعتبار سے قریب ترین تعلق رکھنے کے علاوہ اسلام میں سبقت سے مشرف تھے اور حضور ا کی نگاہ میں ان کے مقام و مرتبہ کا حال یہ تھا کہ آپ انے فرمایا کہ میں جس کا دوست ہوں ، علی ص اس کے دوست ہیں ، گویا حضرت علی صسے تعلق اور محبت کو آپ نے اپنی محبت کا معیار بنایا ، اہل سنت والجماعت کے معتبر علماء کا اس بات پر اجماع ہے کہ حضرت عثمان ص اورحضرت علی صکے عہد میں کچھ یہودیوں کی سازش سے جو فتنہ اُٹھ کھڑا ہوا ، اس میں حضرت علی صحق پر تھے ؛ چنانچہ حضرت علیص کے مخالفین کو حدیث میں ’’ فئۃ باغیۃ ‘‘ (باغی گروہ) قرار دیا گیا ، حضرت فاطمہgکے بطن سے دو صاحبزادے حضرت حسن صاور حضرت حسین صپیدا ہوئے ، جو باحیات رہے اور ان ہی دونوں حضرات سے رسول اللہ ا کی مبارک نسل کا سلسلہ آگے بڑھا ۔
حضرت حسن صاور حضرت حسین صکورسول اللہ انے نوجوانانِ جنت کا سردار قرار دیا ، یہ روایت اہل سنت کے یہاں کثرت سے منقول ہے رسول اللہاان دونوں کو پکڑتے اور کہتے : اے اللہ ! میں ان دونوں سے محبت کرتا ہوں ، آپ بھی ان دونوں سے محبت کیجئے (بخاری ، حدیث نمبر : ۳۷۴۷) ایک موقع پر آپ انے ارشاد فرمایا جس کو مجھ سے محبت ہوگی، وہ ان دونوں سے محبت رکھے گا ، (مجمع الزوائد ، عن ابی ہریرۃ ؓ: ۹ ؍ ۱۸۰) عجیب بات ہے کہ حضرت حسنص اور حضرت حسین صکو جسمانی طور سے بھی رسول پاک اسے بڑی مماثلت تھی ؛ چنانچہ جب حضرت حسین ص کی شہادت ہوئی تو صحابہ ث اور صالحین کو ناقابل بیان صدمہ پہنچا ، حضرت اُم سلمہgکو جب اس روح فرساحادثہ کی اطلاع پہنچی ، تو اہل عراق پر لعنت بھیجی اوران کے لئے ہلاکت کی دُعاء فرمائی ، ( جمع الزوائد : ۹ ؍ ۱۹۴) امام ابراہیم نخعی نے خوب فرمایا کہ اگر خدانخواستہ میں قاتلان حسین میں سے ہوتا اور میری مغفرت کر دی جاتی ، نیز میں جنت میں داخل کیا جاتا تب بھی مجھے حضور ا کا سامنا کرنے سے شرم محسوس ہوتی ۔ ( حوالہ سابق : ۹ ؍۱۹۵)
حقیقت یہ ہے کہ اہل بیت سے محبت کے بغیر کوئی ایسا شخص رہ ہی نہیں سکتا ، جو واقعی مسلمان ہو اور جس کو رسول اللہ اسے محبت کا کوئی درجہ حاصل ہو ، صحابہ ث چوںکہ سب سے زیادہ حضور اسے محبت رکھنے والے اور آپ کی نسبت پر وارفتہ تھے ، اس لئے اہل بیت سے ان کو خاص تعلق تھا ، بنی اُمیہ کا حکمراں مروان ایک بار حضرت ابو ہریرہص سے کہنے لگا کہ جب سے ہمیں آپ کی رفاقت حاصل ہوئی ہے ، مجھے آپ کی کسی بات سے ناگواری نہیں ، سوائے اس سے کہ آپ حسن و حسین رضی اﷲ عنہما سے محبت رکھتے ہیں، حضرت ابو ہریرہصسمٹ کر بیٹھ گئے اور فرمایا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ ہم لوگ حضور ا کے ساتھ ایک سفر میں نکلے ، ایک جگہ حضور ا نے حضرات حسنین رضی اﷲ عنہما کے رونے کی آواز سنی ، حضرت فاطمہgبھی ساتھ تھیں ، آپ تیز تیز چل کر وہاں پہنچے اور فرمایا کہ ہمارے بیٹوں کو کیا ہوا ہے ؟ حضرت فاطمہ g نے عرض کیا کہ یہ پیاسے ہیں ، آپ ا نے اپنے مشکیزے میں دیکھا تو پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں تھا ، پھر آپ انے اپنے رفقاء سفر سے پانی کے بارے میں فرمایا تمام ہی لوگ پانی کے برتن کی طرف لپکے ؛ لیکن اتفاق کہ کسی کے پاس پانی موجود نہیں ، تو آپ انے باری باری حضرت حسن صاور حضرت حسین ص کو اپنی زبان مبارک کو چسایا ، جب انھیں سکون ہوا ، تو آپ اکو اطمینان ہوا ، حضرت ابوہریرہ صنے فرمایا کہ اسی لئے میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں ، ( طبرانی بسند صحیح ، مجمع الزوائد : ۹ ؍۱۸۰) اس سے اندازہ کیاجاسکتا ہے کہ صحابہ گلشن محمدی ا کے ان غنچہ ہائے سدا بہار اور گل ہائے مشک بار سے کیسی محبت رکھتے تھے کہ ظالم حکمرانوں کا خوف بھی اس کے اظہار میں مانع نہ ہوتا تھا ۔
لیکن کیا حضرات حسنین سے اُمت کی یہ محبت اور دربار رسالت مآب میں ان کا یہ درجۂ و مقام صرف اسی وجہ سے تھا کہ یہ حضوراکے نواسے تھے ؟ — یقینا یہ نسبت بھی اس محبت میں کار فرما ہے ؛ لیکن اس سے بڑھ کر حضرات حسنین کا اُسوہ اور ان کا کردار ہے ، جو قیامت تک کے لئے نقشِ لافانی ہے ، حضرت ابو بکر ص راوی ہیں کہ رسول اللہا منبر اقدس پر تھے اور آپ ا کے پہلو میں حضرت حسن صتھے ، آپ ایک دفعہ لوگوں کی طرف دیکھتے اور ایک دفعہ حضرت حسن صکی طرف اور ارشاد فرماتے : میرا یہ بیٹا سید ( سردارِ اُمت) ہے ، اُمید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ مسلمانوں کے دو گروہوں کے درمیان صلح کرائیں گے ۔ ( بخاری ، حدیث نمبر : ۳۷۴۶)
رسول اللہ اکی یہ پیشین گوئی اس وقت ظہور پذیر ہوئی جب خلیفۂ راشد سیدنا حضرت علی صکی شہادت کے بعد اہل شام حضرت معاویہ ص کی کمان میں آگے بڑھے اور ادھر اہل حجاز اور اہل عراق حضرت حسن بن علی صکی قیادت میں ، عام طور پر صحابہ ث اور اکابر تابعین حضرت حسنص کے ساتھ اور ان کے موقف کے مؤید تھے اور بقول حضرت عمر و بن العاص ص پہاڑوں کی طرح لشکر ِجرار حضرت حسنص کی رکاب میں تھا اور یہ ایسے جان نثار لوگ تھے ، کہ بہ ظاہر ان کا پشت دکھا کر بھاگنا ہر گز متوقع نہیں تھا ، بہ ظاہر حضرت حسنص کے غالب آنے کی توقع زیادہ تھی ؛ لیکن جب حضرت معاویہ صکی طرف سے صلح کی پیشکش ہوئی ، تو حضرت حسنص نے اپنے بہت سے رفقاء کی مخالفت ؛ بلکہ ایک گونہ طعن و تشنیع کے باوجود اس پر لبیک کہا اور اپنا ہاتھ امیر معاویہ صکے ہاتھ میں دیا ؛ تاکہ مسلمانوں کی خونریزی نہ ہو اور اسلامی دنیا ایک جھنڈے کے نیچے آجائے ، اس طرح وہ پیشین گوئی شرمندۂ تعبیر ہوئی جسے رسول اللہا نے آپ کے سلسلہ میں فرمائی تھی ، یہ کچھ معمولی قربانی نہیں تھی اور اس قربانی نے اسلام کی تاریخ میں حضرت حسنص کو ایسی عظمت عطاء کی، کہ اگر وہ پورے عالم اسلام کے متفق علیہ تاج ور بن جاتے ، تب بھی شاید ان کو یہ مقام حاصل نہ ہوا ہوتا اور لوگوں کے قلوب پر ان کی حکمرانی قائم نہ ہوئی ہوتی ۔
چنانچہ ایک بار پھر پورا عالم اسلام ایک جھنڈے کے نیچے آگیا اور ایشیا ، افریقہ اوریورپ کے مختلف علاقوں میں مسلمان فاتحانہ پیش قدمی کرنے لگے ، اس سے کوئی حقیقت پسند انکار نہیں کر سکتا ، کہ اس میں بنو امیہصکے تدبر سے زیادہ حضرت حسنص کے ایثار کا حصہ ہے !
حضرت حسینصکا یزید بن معاویہ کے مقابلہ کھڑا ہونا اس لئے نہیں تھا کہ آپ حکومت کی حرص و طمع رکھتے تھے ، حضرت حسن ص کو خانوادۂ نبوی سے نسبت کا جو شرف حاصل تھا ، اس پر ہزار حکومتیں قربان اور نچھاور تھیں ؛ بلکہ اصل یہ ہے کہ اسلام جس دور میں آیا ، وہ ملوکیت اورخاندانی بادشاہت کا دور تھا ، اس وقت کی معلوم دنیا میں جہاں بھی چھوٹی بڑی حکومت تھی ، ان کی اساس خاندانی بادشاہت پر تھی ، اسلام نے جہاں زندگی کے دوسرے شعبوں کی اصلاح کی ، وہیں نظام سیاست کی بھی اصلاح کی اور خلافت کا تصور دیا ۔
خلافت میں دو باتیں اہمیت کی حامل ہیں ، ایک یہ کہ اس منصب کے لئے ایسے شخص کا انتخاب کیا جائے ، جو اخلاق و کردار کے اعتبار سے ممتاز حیثیت کا حامل ہو ، دوسرے مسلمانوں کے ارباب ِحل و عقد نے اس کا انتخاب کیا ہو ، اسی اُصول پر حضرت ابوبکرصکا انتخاب ہوا ، پھر حضرت ابو بکرص نے اکابر صحابہ کے مشورہ سے حضرت عمرص کو نامزد فرمایا ، حضرت عمرص نے چھ رکنی کمیٹی بنادی اور ان حضرات نے عام مسلمانوںسے مشورہ اور باہمی تبادلۂ خیال کے ذریعہ حضرت عثمان ص کا انتخاب کیا ، پھر حضرت عثمان صکی مظلومانہ شہادت کے بعد اہل مدینہ اور اکابر صحابہ ث نے بہ اصرار حضرت علیص کے ہاتھ پر بیعت کی ، حضرت علی صسے جن صحابہ کو اختلاف تھا ، وہ حضرت عثمان صکے قصاص کے بارے میں تھا ، ورنہ ان کی لیاقت کے بارے میں کسی کو کلام نہیں تھا اور اس لئے علماء اہل سنت والجماعت کا اجماع ہے کہ حضرت علی صکی شہادت تک وہی خلیفۂ برحق تھے ، حضرت حسن صنے بھی آپ اپنی خلافت کا اعلان نہیں فرمایا ؛ بلکہ اس عہد کے اکابر صحابہ ث نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کی ؛ چنانچہ رسول اللہا نے جس تیس سالہ خلافت راشدہ کی پیشین گوئی فرمائی تھی ، وہ حضرت حسنص کے چھ ماہی عہد ِخلافت پر مکمل ہو جاتی ہے ۔
یزید کی حکمرانی سے ایک نئے طریقہ کا آغاز ہوا ، کہ بعض ایسے لوگ جو اس سلسلہ میں اسلام کے مزاج سے پوری طرح واقف نہیں تھے اوران کو براہِ راست رسول اللہ اکی صحبت حاصل نہیں تھی ، انھوں نے حضرت معاویہص کو باور کرایا کہ آئندہ کے لئے یزید کو خلیفہ نامزد کر دیا جائے ؛ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عمرص، حضرت عبد اللہ بن عباس صاور اکابر صحابہ ث جو اس وقت موجود تھے ، ان کو حکمرانی کے اس نئے طریقہ سے اس قدر اختلاف تھا ، جتنا حضرت حسینص کو ؛ لیکن بعض صحابہ ث نے فتنہ کے اندیشہ سے خاموشی اختیار کی اور بعض نے اُمت کو اختلاف سے بچانے کے لئے بہ کراہت خاطر اس تجویز کو قبول کر لیا ، اب اگر تمام صحابہ ث اس صورت حال پر یہی رویہ اختیار کرتے اور کسی کی طرف سے مزاحمت پیش نہ آتی ، تو آئندہ یہ بات سمجھی جاتی کہ اسلام میں خلافت علی منہاج النبوۃ کے ساتھ ساتھ عہد ِجاہلیت کی مروجہ ملوکیت کی بھی گنجائش ہے ؛ چنانچہ حضرت حسینص نے اس کی مزاحمت کو ضروری سمجھا ، یہاں تک کہ اپنے رفقاء اور اہل خاندان کے ساتھ نہایت ہی بے دردی سے شہید کردیئے گئے اورقاتلان حسین نے جہاں آخرت میں اپنے لئے اللہ کے عذاب اور ابدی خسران کو محفوظ کر لیا وہیں دنیا میں بھی قیامت تک کے لئے اہل ایمان کی نگاہ میں ملعون و مغضوب قرار پائے ۔
اس میں شبہ نہیں کہ حضرت حسینص کی یہ مہم بہ ظاہر کامیابی سے ہمکنار نہ ہوسکی ؛ لیکن حضرت حسینص کو معنوی فتح حاصل ہوئی ؛ چنانچہ اُمت کے علماء و فقہاء اور اربابِ نظر آج اس بات پر متفق ہیں کہ اسلام جس نظام حکمرانی کا داعی ہے ، وہ خلافت ہے نہ کہ خاندانی بادشاہت ، حالاںکہ مسلمانوں کی تاریخ کا بڑا حصہ اسی بادشاہت کا ہے ؛ لیکن اس کے باوجود آج اسے اسلامی فکر کے خلاف کیوں سمجھا جاتا ہے ؟ اور کیوں اس رویہ کو قبول نہیں کیا گیا ؟ یقینا اس میں بڑا حصہ حضرت حسین ص اور آپ کے بعد حضرت عبد اللہ بن زبیرص کی مزاحمت اور اسی راہ میں شہادت کا ہے ، ورنہ بعد کے لوگ سمجھتے کہ اس مدت پر مسلمانوں کا اجماع و اتفاق ہو چکا ہے ۔
پس حضرت حسنص کا اُسوہ یہ ہے کہ اُمت کو اختلاف و انتشار سے بچانے کے لئے اپنے اقتدار کی قربانی گوارا کیا جائے اور ایثار سے کام لیا جائے اور حضرت حسینصکا اُسوہ یہ ہے کہ جب دین میں کوئی طاقت کمی بیشی کرنا چاہے اور اسلام کی صحیح تصویر کو مسخ کرنے کے درپے ہو تو چاہے اس کے لئے اپنی رگِ گلو کٹانی پڑے ؛ لیکن بہتر قیمت اللہ کے دین اورشریعت کی فکری سرحدوں کی حفاظت کی جائے ، آج کے حالات میں یہ دونوں نمونے اُمت کے لئے مشعلِ راہ ہیں ، اُمت کی وحدت کو برقرا رکھنے کے لئے عہدۂ و جاہ کا ایثار اور دین کی حفاظت و صیانت کے لئے اپنی جان عزیز تک کی قربانی !!

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی


مولانا کا شمار ہندوستان کے جید علما ء میں ہوتا ہے ۔ مولانا کی پیدائش جمادی الاولیٰ 1376ھ (نومبر 1956ء ) کو ضلع در بھنگہ کے جالہ میں ہوئی ۔آپ کے والد صاحب مولانا زین الدین صاحب کئی کتابوً کے مصنف ہیں ۔ مولانا رحمانی صاحب حضرت مولانا قاضی مجا ہد الاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کے بھتیجے ہیں۔آپ نے جامعہ رحمانیہ مو نگیر ، بہار اور دارالعلوم دیو بند سے فرا غت حاصل کی ۔آپ المعھد الاسلامی ، حید رآباد ، مدرسۃ الصالحات نسواں جالہ ، ضلع در بھنگہ بہار اور دار العلوم سبیل الفلاح، جالہ ، بہار کے بانی وناظم ہیں ۔جامعہ نسواں حیدرآباد عروہ ایجو کیشنل ٹرسٹ ،حیدرآباد ، سینٹر فارپیس اینڈ ٹرومسیج حیدرآباد پیس فاؤنڈیشن حیدرآباد کے علاوہ آندھرا پر دیش ، بہار ، جھار کھنڈ ، یوپی اور کر ناٹک کے تقریبا دو درجن دینی مدارس اور عصری تعلیمی اداروں کے سر پرست ہیں ۔ المعھد العالی الھند تدریب فی القضاء والافتاء ، پھلواری شریف، پٹنہ کے ٹرسٹی ہیں ۔اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا اور مجلس تحفظ ختم نبوت ،آندھرا پر دیش کے جنرل سکریٹری ہیں ۔

آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے رکن تا سیسی اور رکن عاملہ ہیں ۔ مجلس علمیہ ،آندھرا پر دیش کے رکن عاملہ ہیں ۔امارت شرعیہ بہار ،اڑیسہ وجھار کھنڈ کی مجلس شوریٰ کے رکن ہیں ،امارت ملت اسلامیہ ،آندھرا پر دیش کے قاضی شریعت اور دائرۃ المعارف الاسلامی ، حیدرآباد کے مجلس علمی کے رکن ہیں ۔ آپ النور تکافل انسورنش کمپنی ، جنوبی افریقہ کے شرعی اایڈوائزر بورڈ کے رکن بھی ہیں ۔
اس کے علاوہ آپ کی ادارت میں سہ ماہی ، بحث ونظر، دہلی نکل رہا ہے جو بر صغیر میں علمی وفقہی میدان میں ایک منفرد مجلہ ہے ۔روز نامہ منصف میں آپ کے کالم ‘‘ شمع فروزاں‘‘ اور ‘‘ شرعی مسائل ‘‘ مسقتل طور پر قارئین کی رہنمائی کر رہے ہیں ۔
الحمد للہ آپ کئی کتابوں کے مصنف ہیں ۔آپ کی تصنیفات میں ،قرآن ایک الہامی کتاب ، 24 آیتیں ، فقہ القرآن ، تر جمہ قرآن مع مختصر تو ضیحات، آسان اصول حدیث، علم اصول حدیث ، قاموس الفقہ ، جدید فقہی مسائل ، عبادات اور جدیدمسائل، اسلام اور جدید معاشرتی مسائل اسلام اور جدید معاشی مسائل اسلام اور جدید میڈیل مسائل ،آسان اصول فقہ ، کتاب الفتاویٰ ( چھ جلدوں میں ) طلاق وتفریق ، اسلام کے اصول قانون ، مسلمانوں وغیر مسلموں کے تعلقات ، حلال وحرام ، اسلام کے نظام عشر وزکوٰۃ ، نئے مسائل، مختصر سیرت ابن ہشام، خطبات بنگلور ، نقوش نبوی،نقوش موعظت ، عصر حاضر کے سماجی مسائل ، دینی وعصری تعلیم۔ مسائل وحل ،راہ اعتدال ، مسلم پرسنل لا ایک نظر میں ، عورت اسلام کے سایہ میں وغیرہ شامل ہیں۔ (مجلۃ العلماء)

کل مواد : 106
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024

تبصرے

يجب أن تكون عضوا لدينا لتتمكن من التعليق

إنشاء حساب

يستغرق التسجيل بضع ثوان فقط

سجل حسابا جديدا

تسجيل الدخول

تملك حسابا مسجّلا بالفعل؟

سجل دخولك الآن
ویب سائٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اس سائٹ کے مضامین تجارتی مقاصد کے لئے نقل کرنا یا چھاپنا ممنوع ہے، البتہ غیر تجارتی مقاصد کے لیئے ویب سائٹ کا حوالہ دے کر نشر کرنے کی اجازت ہے.
ویب سائٹ میں شامل مواد کے حقوق Creative Commons license CC-BY-NC کے تحت محفوظ ہیں
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2024